لاہور(رپورٹ : بابر علی /تصاویر : سہیل نیاز) صوبائی دارالحکومت کی یو نین کو نسل 140فتح گڑھ میں بنیادی سہولیات کے مسائل کے باعث رہائشی مشکلات سے دوچار ہیں۔ فراہمی و نکاسی آب اور صفائی کے ناقص انتظامات سے رہائشیوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں جبکہ ملک بھرکی طرح اس علاقے میں بھی گیس کی لوڈ شیڈنگ سے شہری سراپا احتجاج ہیں۔ تفصیلات کے مطابق یو سی 140میں واٹر سپلائی لائنز بوسیدہ ہونے کی وجہ سے متعدد مقامات پر گھروں میں آلو دہ پانی آرہا ہے ۔ یوسی میں موجود ڈسپنسری کے قریب اور شاہ دین پارک میں لگے ٹیوب ویلوں کے بور بیٹھ گئے تھے لیکن ڈیڑھ سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ان کے متبادل ٹیوب ویل نہیں لگائے گئے ۔ اسی طرح یو سی میں سیوریج سسٹم ناکارہ ہو نے کی وجہ سے کئی مقامات پر گندا پانی کھڑا ہے ۔ مزید برآں یو سی میں صفائی کے انتظامات بھی ناقص ہو نے کی وجہ سے جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر موجود ہیں۔ اس حوالے سے سابق جنرل کونسلر وحید خان نے ’روزنامہ 92نیوز‘ سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ بیوکریسی شہریوں کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی نہیں لے رہی، عوامی نمائندے بیوروکریسی کے آگے بے بس ہیں،جس کی وجہ سے مسائل حل ہو نے کی بجائے مزید بڑھ رہے ہیں۔ سابق جنرل کونسلر اور کو آرڈینیٹر میاں سلیم نے کہا کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں، بازار سے کھانا خریدنے اور ایل پی جی سلنڈر استعمال کر نے کی وجہ سے غریب عوام کی جیبوں پر اضافی بوجھ پر رہا ہے ۔ سابقہ لیڈی کونسلر روبینہ ناصر علوی نے کہا کہ بنیادی سہولیات کے مسائل کی وجہ سے خواتین کو پریشانی لاحق ہے ، گیس نہ آنے کی وجہ سے کھانا پکانے میں بہت مشکلات پیش آتی ہیں۔حمید پورہ، بسم اللہ پارک اور شاہ دین پارک میں گیس بالکل نہیں آرہی۔ مقامی رہائشی علی رضا، انیس، سخاوت و دیگر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت سے بہت امید تھی لیکن انہوں نے غریب عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے اور بڑھا دیے ہیں، حکومت سے اپیل ہے کہ بنیادی سہولیات کے مسائل حل کر کے غریب عوام کو ریلیف دیا جائے ۔