اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی، وقائع نگار ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کوووٹ کا تقدس پامال کرنے کے معاملے پر 30 جولائی کوطلب کرلیا ہے ۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیومیں چیئرمین تحریک انصا ف سب کے سامنے بلے پر مہر لگاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں ۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کو پولنگ کے دن ملک بھرسے 645 شکایات موصول ہوئی ہیں، سب سے زیادہ شکایات سند ھ سے 237 ،پنجاب سے 217،خیبرپختونخوا سے 57شکایات،بلوچستان سے 42 شکایات موصول ہوئیں۔ الیکشن کمیشن کو خواتین کے ووٹ نہ ڈالنے کی92 شکایات موصول ہوئیں جس پر متعدد جگہوں پر ڈی آر او سے رابطہ کر کے رپورٹ طلب کی گئی ۔ادھر الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں عمران خان، شہباز شریف، بلاول بھٹو اور خواجہ آصف کی میڈیا سے گفتگو کا نوٹس لے لیااور انہیں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ میڈیا سے براہ راست گفتگو انتخابی مہم کے زمرے میں آ تی ہے ، کسی رہنما یا جماعت کو پولنگ کے دن رات12بجے تک اس کی اجازت نہیں۔ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے کچھ چینلز کی جانب سے انتخابی نتائج قبل ازقت دکھانے پر نوٹس لے لیا اور ان کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق الیکشن کا پہلا فیصلہ شام 7 بجے سنایا جانا تھا۔الیکشن کمیشن نے پی کے 47 صوابی میں فائرنگ کا معاملہ نوٹس لیا ۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے آئی جی خیبرپختونخوا سے رابطہ کر کے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ پولنگ سٹیشن پر پیش نہیں آیا،فائرنگ کا واقعہ پولنگ سٹیشن سے دور راستے میں پیش آیا۔ الیکشن کمیشن نے سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 62 سے شکایت ملی تھی کہ خوسکی شوگر ملز بدین میں سابق صدر آصف علی زرداری کے ساتھیوں نے ووٹرز کویر غمال بنا کر ووٹ لینے کے وعدے لے رہے ہیں جس پر الیکشن کمیشن نے رپورٹ طلب کی تو آراونے واقعہ کواتفاقی قرار دیا ۔ الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کے حلقوں این اے 25 اور این اے 28 سے بیلٹ پیپرز باہر لانے کے معاملے کا نوٹس لے لیا اور رپورٹ طلب کرلی ۔