لاہور (سٹاف رپورٹر؍92 نیوزرپورٹ)معاون خصوصی وزیر اعظم برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عثمان بزداراکیلئے نہیں،پنجاب اسمبلی ان پر اعتمادکرتی ہے ،’’ووٹ کو عزت دو‘‘کانعرہ لگانے والے عثمان بزدارکے مینڈیٹ کو عزت دیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہرکھلاڑی سینچری نہیں کرتا،اچھے پلیئربھی بعض دفعہ بائونسی پچ پر صفرپرآئوٹ ہوجاتے ہیں،حفیظ شیخ کو قابلیت کی بنیادپرلایاگیا،بیٹنگ آرڈرتبدیل کرناوزیراعظم کا حق ہے ۔انہوں نے کہا پنجاب اسمبلی کے تمام پی ٹی آئی ارکان نے وزیراعلیٰ پر اظہار اعتماد کیا ہے ۔انہوں نے کہا اختلافات ہمارے گھر کی باتیں ہیں،گھر میں طے کرلیں گے ، جو چورن اپوزیشن بیچنا چاہتی ہے وہ بیچ نہیں پائے گی۔انہوں نے کہا ملک اس وقت سیاسی نورا کشتی کا متحمل نہیں ہوسکتا،اپوزیشن کو دعوت دوں گی معاشی پالیسی میں ساتھ چلے ۔انہوں نے کہا میں آگاہ ہوں کہ اطلاعات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے ،مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ رابطہ منقطع ہوا تھا ،وزیراعلیٰ پنجاب سے درخواست کی ہے کہ اخبارات کے بلوں کی مد میں جو ادائیگیاں زیر التواء ہیں، انہیں جاری کیا جائے تاکہ مشکلات کا شکار میڈیا انڈسٹری بحران سے نکل سکے ۔انہوں نے کہا وزیر اعظم نے عبوری ویج ایوارڈ جاری کیا اور عنقریب پورا پیکج منظور ہوگا۔انہوں نے کہا وزیر اعظم عمران خان کی ٹیم کے اندر اب میڈیا کے حقوق کی جنگ لڑنے والا آ گیا ہے ، جو تصادم کی کیفیت پیدا ہوئی اور تاثر دیا گیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میڈیا سے تصادم چاہتی ہے ،ایسا نہیں ۔علاوہ ازیں فردوس عاشق اعوان نے سپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی سے ملاقات کی۔ فردوس عاشق اعوان سے صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے بھی ملاقات کی۔فردوس عاشق اعوان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ سیاست کو جرم کیلئے استعمال کرنے والوں کی وجہ سے ہمیشہ جمہوریت اور قوم خسارے میں رہی، بلاول صاحب! آپ کی تقریروں سے ابو کی کرپشن بچ نہیں سکتی۔