نیویارک (نیٹ نیوز) دنیا بھر میں معروف فیشن میگزین ووگ میں شائع تصاویر پر اعتراض ہوتے ہی رہتے ہیں، تاہم پہلی بار میگزین کی ڈائریکٹر کو نسلی امتیاز پر مبنی تصویر بنوانے پر عہدے سے استعفیٰ دینا پڑ گیا۔ ووگ کے برازیل ایڈیشن کی فیشن ڈائریکٹر 50 سالہ دوناتا میریلیس نے اپنی 50ویں سالگرہ پر سیاہ فام خواتین کیساتھ تصویر بنوائی اور اسے انسٹاگرام پر شیئر کر دیا، تصویر میں وہ سفید لباس میں ملبوس سیاہ فام خواتین کے درمیان کرسی پر شاہانہ انداز میں بیٹھی ہوئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر دوناتا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور ان پر غلامانہ روایات کو پھیلانے کا الزام لگایا گیا۔صارفین نے کہا کہ دوناتا آج کے جدید دور میں بھی غلامانہ روایات کی تشہیر کر رہی ہیں۔دوناتا نے وضاحت دیتے ہوئے کہا میں ایک ثقافتی تصویر بنانا چاہتی تھی لیکن اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں جسکے بعد انہوں نے تصویر ڈیلیٹ کر دی اور اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔