کراچی(سپورٹس ڈیسک) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے اتوار کے روز اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کی فرنچائز نے ہفتے کو پشاور زلمی کے خلاف میچ کے بعد فاسٹ بائولر وہاب ریاض کے خلاف ممکنہ بال ٹیمپرنگ کی شکایت درج کروادی ہے ۔وہاب نے اس مقابلے میں شاندار باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے چار اوورز میں صرف 21 رنز دیئے اور دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔ان کی بولنگ نے جیسن رائے سمیت گلیڈی ایٹرز کے بلے بازوں کو حتمی اوورز میں تیزی سے رنز بنانے روک دیا تھا۔وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کی سنچری کی بدولت پشاورزلمی نے گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا گیا ہدف آسانی سے پورا کرلیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کراچی کنگز کو شکست دینے کے بعد سرفراز احمد نے تصدیق کی کہ ان کی ٹیم نے 34 سالہ وہاب ریاض کے خلاف ممکنہ بال ٹیمپرنگ کی شکایت درج کروادی ہے ۔