لاہور(اپنے رپورٹر سے )ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کا اجلاس وائس چیئرمین ایس ایم عمران کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے آمنہ عمران خان نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ایل ڈی اے کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران نے ایل ڈی اے اربن ڈویلپمنٹ ونگ کے گریڈ16تک کے ملازمین کو 9ہزار روپے عید الاؤنس دینے کی منظوری دے دی ہے جو انہیں آئندہ تنخواہ کے ساتھ ادا کر دیا جائے گا -قبل ازیں گزشتہ روز منعقد ہونے والے ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں ملازمین کے عید الاؤنس میں ایک ہزارروپے اضافہ کر کے چھ ہزار روپے سے سات ہزار روپے کیا گیا تا ہم بعد میں عید کے موقع پرملازمین کی ضروریات کے پیش نظر وائس چیئر مین ذاتی دلچسپی لے کر دیگر ممبران سے مشاورت کر کے عید الاؤنس9ہزار روپے کرنے کی منظوری دے دی جس سے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی - دریں اثناء ایل ڈی اے ملازمین کی یونین نے گزشتہ روز گورننگ باڈی کے فیصلوں کے خلاف احتجاج کر تے ہوئے دفتر میں نعرے بازی کی۔ یونین عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ملازمین کو یوٹیلٹی الاؤنس اور ہفتہ کے روز کی چھٹی کی تجاویز مسترد کر کے حق تلفی کی گئی۔ اس اقدام کے خلا ف احتجا ج جاری رکھا جائے گا۔