لاہور(سپورٹس ڈیسک)قومی ٹیم کے کوچنگ سٹاف کو عہدوں سے فارغ کیے جانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے قومی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے لیے اشتہار شائع کردیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابقہ کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، باؤلنگ کوچ اظہر محمود، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور ٹرینر گرانٹ لیوڈن کو عہدوں سے فارغ کردیا تھا۔پی سی بی نے ہیڈ کوچ، باؤلنگ کوچ، بیٹنگ کوچ کے ساتھ ساتھ ٹریننگ اینڈ کنڈیشننگ کوچ کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔ اشتہار میں کہا گیا ہے کہ عہدے کے لیے درخواست دینے کے خواہشمند افراد تفصیلات ویب سائٹ سے حاصل کر سکتے ہیں۔بورڈ نے کوچنگ کے خواہش مند امیدواروں کے لیے معیار کا بھی اعلان کیا ہے اور بیٹنگ، باؤلنگ اور ہیڈ کوچ کے لیے لیول ٹو کورس اور تین سال کا تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ٹرینٹر کے لیے سپورٹس میڈسن یا سپورٹس سائنس میں بیچلر ڈگری کے ساتھ تین سال کا تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے ۔پی سی بی اعلامیے کے مطابق ہیڈ کوچ کے لیے انٹرنیشنل کرکٹر کو ترجیح دی جائے گی لیکن دس سال فرسٹ کلاس کرکٹ کا تجربہ رکھنے والے کھلاڑی بھی درخواست دے سکتے ہیں۔بیٹنگ اور باؤلنگ کوچ کے لیے بھی امیدوار کا متعلقہ شعبے میں تجربہ دیکھا جائے گا۔اوپر درج معیار پر پورا اترنے والے نوکری کے خواہشمند افراد 23اگست تک اپنی تصویر کے ساتھ نوکری کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔شارٹ لسٹ کیے جانے والے امیدواروں کے انٹرویو کیے جائیں گے اور پھر کوچنگ اسٹاف کی تقرری کا اعلان کیا جائے گا۔