اسلام آباد،کوئٹہ (خبر نگار،سٹاف رپورٹر )پاکستان بارکونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے حکومتی ریفرنس کے معاملے میں جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعلان کردیا ہے ۔صدرسپریم کورٹ بار امان اﷲ کنرانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ سپریم کورٹ بار نے عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور 14 جون کو ریفرنس کی سماعت کے موقع پر بار عدلیہ کیساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر سپریم کورٹ میں موجود رہے گی ۔انہوں نے ججوں کیخلاف حکومتی ریفرنسز کو عدلیہ پر حملہ قرار دیا اور کہا کہ سپریم کورٹ بار قاضی فائز عیسٰی کے دفاع میں پیش ہوگی ۔پاکستان بار کونسل نے معاملے پر غور اور مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے اہم اجلاس طلب کرلیا ہے ۔اعلامیہ کے مطابق پاکستان بار کونسل صوبائی اور اسلام آباد بار کونسل کے نمائندگان پر مشتمل اجلاس 8 اور 9 جون کو جبکہ پاکستان بار کونسل جنرل باڈی کااجلاس 12جون ہوگا جس میں آئندہ کالائحہ عمل طے کیا جائیگا۔دوسری جانب کوئٹہ میںپریس کا نفرنس کر تے ہو ئے بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین حاجی عطاء اﷲ لانگو ، ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین راحب خان بلیدی ، جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے ممبر منیر احمد کاکڑ، بلوچستان ہائیکورٹ بار کے سینئر نائب صدرمحمد اقبال کاسی ، کوئٹہ بار کے صد رآصف ریکی و دیگرنے کہا کہ بلوچستان کی وکلا تنظیموں نے ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے جبکہ پیر کے روز بلو چستان ہا ئیکورٹ اور ماتحت عدالتوں کا با ئیکا ٹ کیا جا ئیگا۔ عید کے بعد ملک گیر وکلا تحریک کیلئے کا نفرنس بلا کر لا ئحہ عمل طے کیا جا ئیگا۔ بلو چستان کے وکلا 14جون کو ریفرنس کی سما عت کے مو قع پر بھی سپریم جوڈیشل کو نسل میں پیش ہو نگے ۔