لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ تحریک انصاف چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے ساتھ تھی، ہے اور رہے گی، اپوزیشن جماعتوں میں صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ کے عہدے سے ہٹانے کا دم خم نہیں ،صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن جماعتوں کو منہ کی کھانا پڑے گی،انتشار اور افراتفری کی سیاست کی علمبردار اپوزیشن جماعتیں ذاتی ایجنڈے کو لے کر چل رہی ہیں ، اپوزیشن جماعتوں کو منفی ہتھکنڈوں سے توبہ کر لینی چاہیے ۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ جمہوری ملکوں میں اپوزیشن کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں نے ہر موقع پر منفی سیاست کو پروان چڑھایا ہے ،انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا بھرپور جواب دیا جائیگا۔بعدازاں وزیراعلیٰ سے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ پنجاب اور چیئرمین کشمیر کمیٹی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وستم کی شدید مذمت کی گئی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر عاصم چیمہ نے ملاقات کی،وزیراعلیٰ نے لاہور بار ایسوسی ایشن سے متعلقہ مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت ہر طبقے کی زندگی میں آسانیاں پیدا کررہی ہے ۔وکلا برادری کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا،انہوں نے کہاکہ میں خود وکیل رہا ہوں اور وکلاء برادری کے مسائل جانتا ہوں اور تحریک انصاف کی حکومت وکلاء برادری کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کررہی ہے ،انہوں نے کہاکہ لاہور بار ایسوسی ایشن کے مسائل کے حل کے لئے وسائل بھی دیں گے اور اقدامات بھی کریں گے ۔