روزنامہ 92 نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے قومی ہائی ویز پر مختلف محکموں اور ایجنسیوں کی چیک پوسٹوںپر کرپشن کا نوٹس لیتے ہوئے اسے فوراً ختم کرنے کا الٹی میٹم دیا ہے اور خبردار کیا ہے اگریہ کرپشن ختم نہ ہوئی تو چیف سیکرٹریز، ڈائریکٹرز جنرلز اور انسپکٹر جنرل پولیس کے خلاف کارروائی ہو گی۔ صورتحال یہ ہے کہ چیک پوسٹوں پر کرپشن کی شکایات بہت پرانی ہیں اور ماضی کی کسی حکومت نے اس پر کبھی کوئی توجہ نہیں دی اور نہ ہی متعلقہ محکموں اور ایجنسیوں کے کارپردازان نے کبھی اسے ختم کرنے کی کوشش کی ہے جس کی وجہ سے گڈز ٹرانسپورٹ سے چیکنگ کے نام پر باقاعدہ بھتہ وصول کیا جاتا رہا ہے۔ اس سلسلہ میں ان گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیوروں کی طرف سے کئی بار شکایات بھی سامنے لائی جاتی رہی ہیں لیکن کسی حکومت نے ان شکایات کا ازالہ کرنے کی کوشش نہیں کی۔ روزنامہ 92 نیوز نے قریباً ایک ماہ پہلے انہی صفحات پر اس طرف توجہ مبذول کرائی تھی۔ اب جبکہ وزیراعظم کی طرف سے اس سلسلہ میں الٹی میٹم دے دیا گیا ہے تو امید کی جا سکتی ہے کہ چیک پوسٹوں پر گاڑیوں کی چیکنگ کے نام پر رشوت کا جلد خاتمہ ہو گا کیونکہ کرپشن کی وجہ سے گڈز ٹرانسپورٹ کا نہ صرف کاروبار متاثر ہو رہا ہے بلکہ اس سے حکومت کی کرپشن کے خلاف جاری مہم کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ اس لئے متعلقہ محکموں کے افسروں کو چاہئے کہ وہ برسوں سے جاری اس کرپشن کا قلع قمع کریں اور جو افسران چیک پوسٹوں پر اپنے اہلکاروں کی غیرقانونی تقرریوں میں ملوث ہیںان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔