فیصل آباد، اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، 92 نیوز رپورٹ ، نیوزایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا آصف زرداری کے پیٹ سے پیسے پی ٹی آئی نے نہیں ن لیگ نے نکالنا تھے ، چوروں کا ٹولہ پھر اکٹھا ہو گیا ،سب کوعمران خان کاڈرہے ، ڈاکوئوں سے نرمی نہیں برتوں گا،یہ ملک اسلئے قائم نہیں ہوا تھا کہ عوام کی دولت لوٹ کر نواز شریف اور زرداری ٹاٹا اور برلا بن جائیں۔فیصل آباد میں صحت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا یہ اقدام پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرف لے جانے کیلئے اٹھایا گیا ہے ،ہمارا ملک اب وہ پاکستان بنے گا جس کا میں ہمیشہ خواب دیکھتا تھا، بانیان پاکستان نے ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا خواب دیکھا تھا، اسکا مطلب یہ تھا ہم نے نبیﷺ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بناناہے لیکن اس بارے میں کسی حکومت نے نہیں سوچا۔74 سال میں کئی وزیر اعظم آئے ، کسی نے یہ نہیں سوچا غریب گھرانے میں کوئی بیماری آجائے تو اسکا علاج کرانا کتنا مشکل ہے ، ریاست نے کبھی صحت پر توجہ نہیں دی،وقت کیساتھ امیروں اور غریبوں میں فاصلے بڑ ھتے گئے ، حکمران طبقے نے عوام کیلئے الگ جبکہ اپنے لیے الگ پاکستان بنادیا،جن لوگوں نے عوام کی صحت کی ذمہ داری اٹھانا تھی وہ کھانسی پر بھی لندن ، امریکہ، دبئی جارہے ہیں، انہیں کیا معلوم عوام کس حالت میں ہیں ۔ چند سال پہلے یہ دونوں جماعتیں ایک دوسرے کو چور کہتی تھی، زرداری کو جیل میں ن لیگ نے ڈالا تھا،تحریک انصاف نے نہیں ۔ پاکستان اسلئے نہیں بنایا تھا کہ ٹاٹا اور برلا کی طرح نوازشریف اور زرداری امیر ہوجائیں، ڈاکوئوں کے ٹولے کو پیغام دینا چاہتا ہوں میں ان کیساتھ نرمی نہیں برتوں گا۔ نیوٹرل امپائر بٹھا کر دیکھیں پنجاب میں ماضی میں کیا ہوااوراب کیا ہورہا ہے ۔ سندھ کا لیڈر جس کو اردو نہیں آتی، جو کہتا ہے بارش آتی ہے تو پانی آتا ہے ، کیا سندھ کے اس لیڈر نے لوگوں سے پوچھا تم پر کیا گزرتی ہے ، سندھ کے اس لیڈر کو صوبے کے ہسپتالوں کا بھی علم نہیں، وہ کہتے ہیں ہم ہیلتھ انشورنس پر نہیں بلکہ ہسپتالوں پر پیسے خرچ کریں گے ، تو آپ13 سال سے کیا کر رہے ہیں، آپ ہسپتالوں پر ہی پیسے خرچ کرلیں، آپ کو صرف یہ پتہ ہے بارش آتی ہے تو پانی آتا ہے ، آپ کو سندھ کے دیہاتوں کا حال نہیں معلوم، جاکردیکھیں لوگ کیسے زندگی گزار رہے ہیں، زرداری صاحب چوری کے پیسے سے صرف لوگوں کو خریدتے ہیں۔میں صرف سیاست میں ان دو خاندانوں کی وجہ سے آیا تھا جو کئی سال سے پاکستان کو لوٹ رہے ہیں، ان کے ہوتے ہوئے پاکستان کا کوئی مستقبل نہیں تھا،میں نے 25سال پہلے ان کیخلاف جہاد شروع کیا تھا۔ سیاست میں آنے کی دوسری وجہ یہ تھی پاکستان اسلامی فلاحی ریاست کے نظریے پر بنا تھا اس نظریے پر ملک کوچلانا تھا، کامیاب معاشرے کیلئے دو چیزیں لازمی میں جس میں سب سے پہلے قانون کی بلادستی ہے ۔ جوکووچ کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہاقانون کی بالادستی کے خاطر انہیں ٹورنامنٹ نہیں کھیلنے دیا گیا، برطانوی شہزادے کو ریپ کیس میں عدالت میں بلایا گیا۔پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ کی حکومت کے دوران ان کے بیٹے کی شوگر مل کے چپڑاسی کے اکائونٹ میں اربوں روپے آجاتے تھے ،اب کرپشن کا جواب مانگو تو جواب دینے کی بجائے پارلیمنٹ میں کھڑے ہوکر ڈیڑھ ڈیڑھ گھنٹے کی تقریر کرتے ہیں، ان کی تقریر نوکری کی درخواست ہوتی ہے ، آصف زرداری کو دیکھ لیں پاپڑ والے اور چینی والے کے اکائونٹ میں کروڑوں روپے آرہے ہیں۔ ایک مریض لندن علاج کرانے گیا تھا، کہا گیا انہیں دل کی بیماری ہے ، دل کی بیماری والا شخص اپنی فیکٹریاں دیکھنے جارہا ہے ،یہاں کے وکیل کہتے ہیں انہیں پھر سے موقع دو ،ان کی تاحیات پابندی ختم کرو۔ جب ملک کو تباہ کرنا ہو تو بم مارنے کی ضرورت نہیں، کرپشن عام کردو، جب کرپشن عام ہوگی تو کوئی محنت کیوں کرے گا، پاکستان کی اصل جنگ قانون کی بالا دستی کی ہے ، جب قانون پر عملدرآمد نہیں ہوتا تو کرپشن ہوتی ہے ، تمام قبضہ گروپوں کو ہم نے اس قانون کے نظام کے نیچے لانا ہے جس دن یہ ہوگیا تو سمجھ لیں تبدیلی آگئی ۔ پنجاب میں بے شمار منصوبوں بنائے جائیں گے ، ساری دنیا دیکھے گی پنجاب صرف اشتہاروں میں نہیں حقیقت میں بھی ترقی کر رہا ہے ۔وزیراعظم سے فیصل آباد کے ارکان پارلیمنٹ اور کاروباری برادری نے بھی ملاقات کی،ملاقات میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار،وفاقی وزیر اسد عمر اور وزیر مملکت فرخ حبیب بھی موجودتھے ۔ بزنس کمیونٹی نے کہا چینی کمپنیوں کی انڈسٹریل زون میں سرمایہ کاری سے مقامی کاروبار کو فائدہ ہوگا۔وزیراعظم کی زیر صدارت گوجرانوالہ ڈویژن کے ارکان پارلیمنٹ کے اجلاس میں متعلقہ حلقوں کے سیاسی امور اورترقیاتی منصوبوں پرتبادلہ خیال کیاگیا،وزیراعظم نے ہدایت کی منتخب نمائندے عوامی رابطہ مہم تیز کریں اورعوام کے مسائل کے جلدحل کیلئے ضلعی انتظامیہ کیساتھ ملکر کام کریں،وزیراعظم نے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی یقینی بنانے کیلئے پارٹی کارکنان کو متحرک کرنے کی بھی ہدایت کردی۔ وزیر اعظم نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاحکومت خصوصی اقتصادی زونز میں صنعتکاری کو فروغ دینے کیلئے سرمایہ کاروں کو ترغیب دینے اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے ۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صنعتکاری کو فروغ دینے کیلئے کاروباری برادری کی سہولت یقینی بنانے کیلئے تمام ممکن اقدامات کیے جائیں تاکہ لوگوں کیلئے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہو سکیں۔