لاہور(کامرس رپورٹر)وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال آج ایکسپو سینٹر جوہر ٹاؤن لاہور میں محکمہ زراعت کے زیر انتظام منعقدہ "پاکستان ہارٹی ایکسپو2020 "کا افتتاح کریں گے ۔نمائش میں پھلوں،سبزیوں اوران سے بنی مصنوعات کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔اس ضمن میں سٹالز 22اور 23جنوری کو ایکسپو سنٹر جوہر ٹاؤن لاہورمیں لگائے جائیں گے ۔نمائشں میں 100سے زائد سٹالز لگائے جارہے ہیں اور سری لنکا، تاجکستان، جرمنی، بحرین، قطر،دوبئی،سعودی عرب،یوکرائن،انڈونیشیا،پولینڈ اور مصر سے 36 وفود شریک ہورہے ہیں۔ اس کے علاوہ ہار ٹیکلچرکے شعبے سے وابستہ کاشتکار،امپورٹرز،ایکسپوٹرز اور کمپنیاں اپنی مصنوعات کو نمائش کیلئے پیش کر سکیں گی۔اس نمائش کے انعقاد کا مقصد پاکستانی مصنوعات کو بین الاقومی سطح پر متعارف کروانا ہے ۔اس نمائش سے محکمہ زراعت ہارٹیکلچر کے شعبے سے وابستہ لوگوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کر رہا ہے جوآنیوالے دنوں میں پاکستانی مصنوعات کو پوری دنیا میں متعارف کروانے کا ذریعہ بنے گا اور اس کی بین الاقومی سطح پر پذیرائی ہو سکے گی۔