لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) ویساکھی میلہ 2021اور خالصہ جنم دن کی تقریبات کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ۔ پاکستانی ہائی کمیشن نے سکھ یاتریوں کوویزے جاری کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ۔ ایک ہزار سے زائد سکھ یاتری 12اپریل کی صبح واہگہ چیک پوسٹ کے راستے پاکستان پہنچیں گے ۔ متروکہ وقف املاک بورڈ حکام اور پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار ستونت سنگھ ، سیکرٹری سردار امیر سنگھ و دیگر استقبال کریں گے ۔بھارتی سکھ یاتریوں کو پاکستان میں 11روزہ قیام، طعام،ٹرانسپورٹ اور میڈیکل کی مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ ان کی سیکورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کیے جائیں گے ۔سکھ یاتریوں کی آمد کے تناظر میں چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد کی زیر صدارت اجلاس میں ویساکھی تقریب کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ۔چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ نے ہدایت کی کہ سکھ یاتریوں کی بہترین مہمان نوازی کی جائے ۔