لاہور(سپورٹس رپورٹر))پاکستان نے ویمن ٹی20 ورلڈ کپ میں فاتحانہ انداز میں آغاز کرتے ہوئے اپنے پہلے ہی میچ میں ویسٹ انڈیز کو باآسانی 8وکٹوں سے شکست دے دی۔آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ڈیانا بیگ اور ندار ڈار کی عمدہ باؤلنگ کے سبب ویسٹ انڈیز کی ٹیم 28رنز پر تین اہم وکٹوں سے محروم ہو گئی۔اس مشکل مرحلے پر کپتان سٹیفنی ٹیلر کا ساتھ دینے شرمین کیمبل آئیں اور دونوں نے 43، 43 رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ چوتھی وکٹ کیلئے 63رنز کی شراکت بھی قائم کی تاہم ان دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم ایک مرتبہ پھر وکٹیں گنوانے لگی اور مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 124رنز بنائے ۔0پاکستان کی جانب سے ندا ڈار، ڈیانابیگ اور ایمن انور نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز جویریہ خان اور منیبہ علی نے 58 رنز کی شراکت قائم کر کے فتح کی بنیاد رکھی، جویریہ 28گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 35رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔منیبہ علی 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں تو پاکستانی ٹیم 77رنز پر دونوں اوپنرز سے محروم ہو چکی تھی لیکن اس کے بعد کپتان بسمہ معروف اور ندا ڈار نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو بغیر کسی نقصان کے ہدف تک رسائی دلا دی۔ بسمہ معروف نے ناقابل شکست 38 جبکہ ندا ڈار نے 18 رنز بنائے ، اس طرح پاکستان نے 8 وکٹوں کی فتح کے ساتھ ہی ٹی20 ورلڈ کپ کا شاندار انداز میں آغاز کیا۔جویریہ خان کو جارحانہ اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔پاکستانی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنا دوسرا میچ 28فروری کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔