اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزارت داخلہ نے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کی گرفتاری کے معاملے پر ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے خط کا باضابطہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کی گرفتاری سے قبل سینٹ سیکرٹریٹ کو باضابطہ آگاہ کیا تھا۔ وزارت داخلہ نے خط میں موقف اپنایا کہ اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ نے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی ہے ، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چیئرمین سینٹ کو لکھے گئے خط میں ایف آئی آر کا حوالہ دیا گیا ہے ۔ ڈی آئی جی آپریشن نے مصطفیٰ نواز کھوکھر کی گرفتاری کیلئے ڈپٹی کمشنر کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا کہ رولز کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینٹ گرفتاری کے حوالے سے جواب طلبی نہیں کرسکتے ۔