کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کے سب سے بڑے کرکٹ میلے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 5 کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں پی ایس ایل 2020 کی ٹرافی کی رونمائی کی تقریب منعقد کی گئی۔اس موقع پر پی ایس ایل میں شامل ٹیموں کراچی کنگز، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایڈرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے کپتان و مالکان بھی موجود تھے ۔ لاہور قلندرز کے مالک فواد رانا اور ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود مصروفیات کی وجہ سے تقریب میں شریک نہ ہوسکے ۔پی ایس ایل 5 کی ٹرافی کو دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد، سکواش لیجنڈ جہانگیر خان کے ہمراہ گراؤنڈ میں لے کر آئے ، جس کے بعد ٹرافی سے پردہ اٹھایا گیا۔پاکستان کے سپر سٹار اور سکواش کے عظیم کھلاڑی جہانگیر خان نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی و دیگر کے ہمراہ چمچماتی ٹرافی کی رونمائی کی۔واضح رہے کہ اس مرتبہ پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی برطانیہ کی کمپنی اوٹ ول سلور اسمٹس نے تیار کی ہے جس کے اوپر ایک چاند اور تکون ستارہ پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہے ۔ٹرافی کی لمبائی 65 سینٹی میٹر ہے اور اس کا کل وزن 8 کلو ہے جس میں مخصوص رنگ بھی نمایاں ہیں۔رواں سال متعارف کرائی جانے والی ٹرافی اب پاکستان سپر لیگ کے مستقبل کے تمام مقابلوں میں استعمال کی جائے گی اور ہر سال ایونٹ جیتنے والی ٹیم کا نام اس ٹرافی پر درج کیا جائے گا۔تقریب رونمائی کے بعد چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے پی ایس ایل فرنچائزز کے مالکان کے ساتھ پریس کانفرنس کی۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ جو وعدہ کیا وہ آج پورا ہورہا ہے اور پی ایس ایل مکمل پاکستان میں ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ افتتاحی تقریب کراچی میں ہورہی ہے اور یہاں کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ یہ پورا ایونٹ پاکستان کا ہے اور اس کے لیے عوام نے ہمیں بہت سپورٹ کیا۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں 400 سے زائد غیر ملکی کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروائی جبکہ 36 پلیئرز اس میں کھیل رہے ہیں۔دوران گفتگو ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل پاکستان کا بڑا ایونٹ ہے اور ہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کر سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ ایونٹ کے میچ راولپنڈی اور ملتان میں ہورہے ہیں اور مستقبل میں پشاور اور کوئٹہ میں بھی پی ایس ایل کے میچز ہوں گے ۔ یاد رہے کہ 6:45پر شروع ہونے والی افتتاحی تقریب کے بعد گلیڈی ایٹرز اور یونائیٹڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی۔