راولپنڈی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے پنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 129 رنز بنالیے جبکہ 6 وکٹیں گرگئیں، تاہم قومی ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف مجموعی طور پر 200 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی۔ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ نے 106 رنز 4 وکٹوں کے نقصان پر اپنی اننگز کا آغاز کیا تو 114 کے مجموعے پر شاہین آفریدی نے کپتان کوئنٹن ڈی کوک کو آؤٹ کردیا۔ چھٹی وکٹ پر وین مولڈر اور بواما نے اسکور 164 تک پہنچایا جہاں مولڈر آؤٹ ہوگئے ، جس کے بعد پاکستانی بولرز نے مہمان ٹیم کے بلے بازوں کو رک کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔ سوائے ٹیمبا بواما کے کوئی کھلاڑی پاکستانی بولنگ اٹیک کا سامنا نہیں کر پایا اور مہمان ٹیم 201 رنز پر پولین لوٹ گئی۔ حسن علی نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کو 71 رنز کی برتری ملی۔ جواب میں پاکستانی ٹیم کی دوسری اننگز میں صفر پر نوجوان بیٹسمین عمران بٹ، پھر 28 کے مجموعے پر عابد علی بھی پویلین لوٹ گئے ۔ بابر اعطم 8 رنز بنا کر کیشو مہاراج کا شکار ہوگئے ۔ اظہر علی 63 رنز پر آؤٹ ہوگئے ۔ فواد عالم 12 رنز بنا کر چلتے بنے ۔ ایسے میں فہیم اشرف اور محمد رضوان نے 52 رنز کی پارٹنر شپ بنائی لیکن 128 کے مجموعے پر فہیم اشرف بھی پولین لوٹ گئے ۔ دن کے اختتام تک محمد رضوان 28 اور حسن علی بغیر کوئی رن بنائے کیریز پر موجود ہیں۔ جنوبی افریقہ کے جارج لِنڈا نے 3 جبکہ کیشو مہاراج نے 2 اور کگیسو رباڈا نے ایک وکٹ حاصل کی۔