اسلام آباد،کراچی(،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے امید وار صدر مسلم لیگ ن میاں شہباز شریف کو ووٹ دینے سے متعلق سوال کا جواب دینے سے مکمل گریز کیا۔تفصیل کے مطابق گزشتہ روز بلاول بھٹو بطور ایم این اے اپنی رجسٹریشن کیلئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ گئے ۔اس موقع پر ایک صحافی نے جب بلاول سے سوال کیا کہ آپ شہباز شریف کو ووٹ کیسے دینگے ؟تو انہوں نے جواب دینے سے گریز کیاجبکہ دوسری طرف تحریک انصاف اورپیپلز پارٹی کے مابین رابطہ کی خبر سامنے آئی ہے ۔علاوہ ازیں گزشتہ روز جاری بیان میں بلاول نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے سکیورٹی واپس لئے جانے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ صریحاًمجرمانہ فعل ہے ۔کیا ہارون بلور اور سراج رئیسانی کی حالیہ شہادتیں لمحہ فکریہ نہیں ؟۔ حکومت بتائے وہ یوسف رضا گیلانی کی سکیورٹی ہٹا کر کس کیلئے آسانیاں پیدا کی جارہی ہیں؟۔ کیا حکومت کو معلوم نہیں ہے کہ یوسف رضا گیلانی اور انکا خاندان دہشتگردوں کے نشانے پر ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ یوسف رضا گیلانی سمیت تمام سیاسی قیادت کا تحفظ یقینی بنایا جائے ۔ تحریری ضمانت دی جائے کہ گیلانی فیملی کو کچھ ہوا تو اسکی ذمہ دار حکومت ہوگی۔