اسلام آباد،ر اولپنڈی،کراچی (سپیشل رپورٹر، رپورٹر 92نیوز ،سٹاف رپورٹر ) مہنگائی اور بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف پی ٹی آئی نے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے جن میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور حکمرانوں کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے مظاہر ے میں علی نواز اعوان ، سینیٹر شبلی فراز کے علاوہ نوجوانوں، خواتین ، بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی،مظاہرین نے ٹین ڈبے ، گھوڑا گاڑی، ہاتھ والے پنکھے ، لالٹین اور روٹیاں اٹھا رکھی تھیں۔ اسد عمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ غلامی کی چلتی پھرتی تصویر بنا ہوا ہے ، مہنگائی،بدترین لوڈشیڈنگ قوم کو نفسیاتی مریض بنا رہی ہے ۔علی نواز اعوان نے کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے ۔ تحریک انصاف نے راولپنڈی پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا،جس کی قیادت ایم این اے شیخ راشد شفیق ،راجہ بشارت ودیگر نے کی ، لاہور میں لبرٹی چو ک میں کارکنوں نے مظاہرہ کیا ، کراچی میں مظاہر ے سے خطاب کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ مہنگائی کے خاتمے کی دعویدار حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے ، عمران اسماعیل نے کہا کہ یہ جلد نئے الیکشن کا اعلان کریں ۔ بونیر،اسلام آباد، لاہور ( سپیشل رپورٹر ،وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک ،صباح نیوز )چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہ امریکہ بھی مضبوط پاکستان نہیں دیکھنا چاہتا،حکمران غداری کا مقدمہ بنا کر مجھے راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں ، کیا نواز شریف اور زرداری مجھ پرغداری کا مقدمہ چلائیں گے ، کہا جارہا ہے مجھ پرکیس کرکے جیل میں ڈال دیا جائے ، جیل تو چھوٹی چیز ہے ، میں اپنی جان دینے کیلئے تیار ہوں، نیوٹرل رہنابھی اچھی بات ہے لیکن ملکی سالمیت بہت ضروری ہے ۔ بونیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیا ہے ، نہیں چاہتے رینجرز، پولیس اور فوج سے تصادم ہو ،بھارت، اسرائیل اور امریکہ نے ملکر ہماری حکومت گرائی ہے ، ، بھارت اور اسرائیل چاہتے ہیں پاکستان کمزور ہو اور ٹوٹے ، جب ہماری حکومت گرائی گئی تو سب سے زیادہ خوشیاں بھارت میں منائی گئیں، ایسا لگ رہا تھا جیسے وزیراعظم شہبازشریف نہیں شہبازسنگھ آیا،نواز شریف نے کبھی مودی ،کلبھوشن کیخلاف بات نہیں کی، ملک کی بہت بڑی بیماری آصف زرداری ہے ،زرداری،مولانا کو پیسے کی بیماری ہے ،پیسے دیکھ کر زرداری کی کانپیں ٹانگ جاتی ہیں ، ہمیں بھی آئی ایم ایف نے کہا تھا کہ پٹرول پر پیسے بڑھاؤ مگر ہم نے کم کی کیوں کہ ہماراجینامرناپاکستان میں ہے ،اگرمیراپیسہ باہرہوتاتوکبھی ان کے سامنے ایبسلوٹلی ناٹ نہیں کہہ سکتا ،ترکی میں شہباز شریف نے اپنے مفرور بیٹے کو ملاقات کے موقع پر ساتھ بٹھایا ہوا تھا ،انہوں نے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر پہلے سے ہی میچ فکس کیا ہوا ہے ،سپریم کورٹ کو پیغام دینا چاہتا ہوں میں نے آج تک قانون نہیں توڑا ،میں کال دوں گا آپ سب نے آنا ہے ،ہم حقیقی آزادی کیلئے مارچ کریں گے ۔ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شاہ محمود نے کہا ہے کہ یہ حکومت نہیں پاکستانی عوام پر عذاب ہے ، شاہ محمود نے پارٹی دفتر میں انصاف لائرز فورم کی کور کمیٹی اور و یمن ونگ کے اجلاسوں میں شرکت کی ، لبرٹی چوک میں احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔ انہوں نے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امپورٹڈ حکومت نے ایک ہفتے میں دو مرتبہ پٹرول بم گرایا ،ملک میں مہنگائی کا سیلاب آئے گا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے شوکت ترین نے کہاہے کہ نااہل حکمران اپنے آقائوں کے ڈر کی وجہ سے روس سے سستے تیل کے بارے میں معاملات طے نہیں کر پا رہے ۔ حماد اظہر نے کہا ایک ہفتے میں ساٹھ روپے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھنا ظلم ہے ۔ فواد نے کہا کہ وزرائ، جج صاحبان، فوجی اور سول افسران قوم سے یکجہتی دکھائیں اور اپنے پٹرول الائونسز معطل کر دیں ۔