کراچی (رپورٹ:ایس ایم امین)کراچی میں حادثے کاشکارہونے والی پروازپی کے 8303 کو حادثہ ماڈل کالونی کے علاقے جناح گارڈن میں پیش آیا۔ عینی شاہدکے مطابق حادثہ 2 بج کر 35 منٹ پر پیش آیا۔رن وے اور آبادی کے درمیان ایک سڑک کافاصلہ ہے جہاں طیارہ گرکرتباہ ہوا۔عینی شاہد کے مطابق طیارے نے کراچی ائیرپورٹ کے رن وے کے قریب سے بائیں جانب رخ کیا اورآبادی کے اوپرایک چکرلگانے کے بعد ملیرکینٹ کی جانب رخ کیاتاہم ملیرکینٹ اورجناح گارڈن کے وسط میں 4منزلہ عمارت پر گرکرزورداردھماکے سے تباہ ہوگیا۔عینی شاہد کے مطابق جہازکی سمت سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ پائلٹ نے آبادی کوبچانے کی ہرممکن کوشش کی۔جائے وقوع کاجائزہ لینے پربھی ایسے شواہد ملے ہیں کہ پائلٹ نے طیارے کوآبادی سے دورلے جانے کی کوشش کی۔ اگروہ کامیاب ہوجاتا تو طیارہ آبادی کے بجائے ملیر چھاؤنی کے گیٹ نمبر2 کے عین سامنے کھلے علاقے میں بیرکوں تک پہنچ جاتا۔ماڈل کالونی کے رہائشیوں کیلئے طیاروں کی نچلی پرواز عام سی بات ہے ،کبھی توطیارہ اتنی نیچے پروازکرتے رن وے کی طرف جاتاہے کہ بآسانی فلائٹ نمبر اورفضائی کمپنی کانام پڑھاجاسکتا ہے ۔ایک عینی شاہد کا کہناہے کہ آبادی پرگرنے سے قبل طیارے کوہچکولے کھاتے دیکھاجس کے بعد زورداردھماکہ سنا ۔جائے حادثہ پرہولناک شعلے بلندہوئے اورپورے علاقے میں دھواں ہی دھواں پھیل گیا،طیارہ گرنے سے ایک درجن سے زائدگھروں کونقصان پہنچااورگھروں کے باہرگلی میں کھڑی متعددگاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔عینی شاہدکے مطابق پاک فوج کی کوئیک ری ایکشن فورس کادستہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکارسب سے پہلے جائے حادثہ پرپہنچے اورامدادی سرگرمیوں کا آغازکیا۔کچھ دیربعدسول انتظامیہ نے پہنچ کرریلیف آپریشن میں حصہ لیا۔امدادی سرگرمیوں کے دوران آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرجائے وقوعہ پرپروازکرتے رہے ۔