پنجاب حکومت نے کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی معاشی صورتحال کے پیش نظر صوبے میں 18 ارب روپے کے صوبائی ٹیکسز معاف کر دیئے ہیںجبکہ روزگار کی بندش سے متاثر ہونے والے 25 لاکھ گھرانوں کو 4 ہزار روپے فی گھرانہ ادا کئے جائیں گے۔ کرونا کی وبا روکنے کیلئے حکومت نے ملک بھر میں لاک ڈائون کر رکھا ہے جس کا مقصد لوگوں کو گھروں میں محفوظ رکھ کر اس وبا کو پھیلنے سے روکنا ہے۔ ظاہر ہے لاک ڈائون سے روزی روٹی کے مسائل جنم لے رہے ہیں۔ دیہاڑی دار طبقے کی پریشانیاں بڑھ رہی ہیں۔ جس کیلئے پہلے وفاق نے امدادی پیکیج کا اعلان کیا تھا اب پنجاب حکومت نے بھی صوبے بھر میں 18 ارب روپے کے عائد ٹیکسز معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسی طرح 25 لاکھ گھرانوں کو 4 ہزار روپے فی گھرانہ ادا کیے جائیں گئے، جو خوش آئند ہے۔ حکومت اعلان کے بعد اس پیکیج پر فی الفور عملدرآمد شروع کرے تاکہ مزدور طبقے کے گھروں میں چولہے ٹھنڈے نہ ہوں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے جو کرونا فنڈ قائم کیا ہے گزشتہ روز سپیکر پنجاب اسمبلی نے اس میں خطیر رقم جمع کروائی ہے جبکہ مخیر حضرات بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ ہر ایم پی اے، ایم این اے، وزیر اور ہر حلقے میں جس جس امیدوار نے الیکشن لڑا ہے اگر اس مشکل گھڑی میں مل کر اپنے ووٹرز کی مشکلات دور کرنا چاہیں تو کوئی مشکل نہیں لیکن بعض عوامی نمائندے اس مشکل گھڑی میں غائب ہو چکے ہیں جو باعث افسوس ہے۔ انہیں آگے بڑھنا چاہئے تاکہ مل کر اس وبا کا مقابلہ کیا جا سکے۔