فیصل آباد،لاہور،گوجرانوالہ(سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) فیصل آباد میں پتنگ پکڑنے کی کوشش میں سکیورٹی گارڈکرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا ۔ ماڈل ٹاؤن میں پلازے کے سیکورٹی گارڈ 25سالہ محسن نے بجلی کی تاروں میں پھنسی پتنگ کواتارنے کی کوشش کی تواسے کرنٹ لگ گیا۔ایس ایچ اوارم شاہ نے کہاسیکورٹی گارڈ صفائی کے دوران لوہے کے راڈ والا وائپر بجلی کی تاروں سے لگنے کے نتیجے میں جاں بحق ہوا۔ گوجرانوالہ کے علاقے مجاہد پورہ میں گلے پر ڈور پھرنے سے والد کے ساتھ موٹر سائیکل پر مارکیٹ جانے والا تین سالہ بچہ ابراہیم شدید زخمی ہو گیا،ریسکیو ذرائع کے مطابق بچے کو تشویش ناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کرکے طبی امداد دی گئی۔لاہور میں پولیس نے پتنگ بازی کرنے والے 10ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلئے ۔شہرمیں شاہدرہ، راوی روڈ، شفیق آباد، لوئر مال، داتا دربار، بھاٹی گیٹ،لوہاری گیٹ،نولکھا، قلعہ گجر سنگھ، گڑھی شاہو، گوالمنڈی ،ساندہ، مزنگ، لٹن روڈ، انار کلی، مغل پورہ، شالیمار،گجر پورہ، گلشن اقبال، سمن آباد، گلشن راوی، ہنجروال، سبزہ زار اور دیگر علاقوں میں پتنگ بازی ہوئی ۔شیراکوٹ پولیس نے پتنگ بازی پر ملزم اعظم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے اسکے قبضہ سے پتنگیں اورچرخیاں برآمد کرلیں۔سمن آباد پولیس نے ملزم سکندر اور عمیر،وحدت کالونی پولیس نے اویس اور کامران، ساندہ پولیس نے شہباز اور اختر، مزنگ پولیس نے طارق جبکہ اسلام پورہ پولیس نے زاہد اور طاہر کو پتنگ بازی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ ڈی آئی جی آپریشن وقاص نذیر نے پولیس کو ہدایات کی کہ پتنگ بازوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے اور تمام ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز اپنے علاقہ جات میں موثر گشت کویقینی بنائیں۔ پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے سپیشل ٹیموں کو متحرک کیا جائے جبکہ پتنگ بازوں کیخلاف زیرو ٹالرنس کا مظاہرہ کریں۔