لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ خواتین کی معاشی خودمختاری حکومت کے معاشی ایجنڈے کا اہم حصہ ہونا چاہیے تاکہ پائیدار ترقی ممکن بنائی جاسکے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کاروباری شعبے سے وابستہ خواتین کیلئے آسانیوں کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد، سٹینڈنگ کمیٹی کی کنوینر فائزہ امجد، سعدیہ رانا، وہاب یونس و دیگر ماہرین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں کاروباری شعبے سے وابستہ خواتین کی اہمیت تسلیم کی جاتی ہے مگر پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں ابھی انہیں معاشی وسائل تک رسائی نہ ہونے سمیت دیگر بہت سے مسائل کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کا نصف سے زائد حصہ خواتین پر مشتمل ہے جس سے ان کی اہمیت دوچند ہوجاتی ہے ، اگر کاروباری شعبے سے وابستہ خواتین کو اہمیت دی جائے تو جی ڈی پی میں تیس فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے ۔