اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق سپیکر اسد قیصر کی خصوصی ہدایت پر آج سینٹ اور قومی اسمبلی کے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کیلئے سکائپ گروپ تشکیل دیدیا گیا ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاوُن اور کرونا کے ممکنہ پھیلاؤ کے تناظر میں اجلاس ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ تمام پارلیمانی لیڈرز اجلاس میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں کرونا سے نمٹنے اور معیشت پر منفی اثرات پر پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا معاملہ زیر بحث لایا جائیگا۔ دریں اثنا وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا کہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان بھی شرکت کر ینگے اور اپوزیشن کی اجلاس میں موجودگی میں مشاورت کی جائے گی۔گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ پارلیمانی اجلاس بلانے کے باوجود اپوزیشن کو اپنی اے پی سی بلانے کی کیا ضرورت تھی ۔اجلاس میں وزیر اعظم اپوزیشن سے مشاورت کریں گے ، امید ہے کہ وہاں بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف بھی موجود ہونگے ۔