لاہور،اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ پاکستان کا مستقبل انتہائی تابناک ہے ۔تمام مشکلات کیخلاف لازوال قربانیوں سے ہم نے ملک میں امن اور ترقی کی مضبوط بنیاد رکھی ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر)کے مطابق گزشتہ روز آرمی چیف نے گورنمنٹ کالج لاہور یونیورسٹی کا دورہ کیا اور بحیثیت مہمان خصوصی کانووکیشن میں خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم ایک پرعزم قوم ہیں۔ ہمارے نوجوان ہمارا اصل اثاثہ ہیں۔اب نوجوان پاکستان کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ نوجوان ہمیشہ اپنے مقاصد بلندرکھیں، قائد کے وژن کے مطابق جہد مسلسل اور وقار کیساتھ بلندیوں کیلئے سرگرم رہیں۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی پاکستانی تعلیمی اداروں کے تاج میں نگینہ ہے ،جامعہ نے ہمیشہ بین الاقوامی شہرت کے حامل استعاروں کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔ یونیورسٹی کے گریجویٹس نے اپنے شعبوں میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں جامعہ کے اساتذہ اور انتظامیہ کے کردار اور کی کارکردگی کو سراہاجبکہ فارغ التحصیل طلبہ کو ڈگریوں اور میڈلز سے نوازا۔ کانووکیشن میں چانسلر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور بھی موجود تھے ۔