انگولیا(نیٹ نیوز )افریقی ملک انگولا کے سابق صدر جوس اڈارڈو ڈاس سینٹوس کی بیٹی کے متعلق بین الاقوامی تحقیقاتی صحافی تنظیم نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے قدرتی وسائل سے مالا مال اپنے ملک میں استحصال اور کرپشن کر کے اربوں ڈالرز کمائے ۔ازابیل ڈاس سینٹوس نے اپنے والد کے دور اقتدار میں زمین، تیل، ہیروں اور ٹیلی کام شعبے میں منافع بخش سودے حاصل کئے ۔پانامہسکینڈل سامنے لانیوالی تنظیم آئی سی آئی جے اور برطانوی اخبار دی گارڈین کے صحافیوں نے مشترکہ تحقیق کے بعد اسے ’’لواندالیکس‘‘ کا نام دیا جسکے مطابق ازابیل اور انکے شوہر کو کئی قیمتی ریاستی اثاثے خریدنے کی اجازت دی گئی اور انہوں نے کمیشن کے عوض کئی بڑے ٹھیکے بھی دئیے ۔ازابیل نے تیل، بینک، میڈیا،،ہیروں اور ٹیلی کام کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے اور اسکی برطانیہ، دبئی، پرتگال سمیت کئی ممالک میں جائیدادیں ہیں اور وہ لوٹی ہوئی دولت سے مغربی ممالک میں عیاشی کر رہی ہیں۔ انگولا حکومت نے ازابیل کیخلاف بڑے پیمانے پر جامع تحقیقات شروع کر رکھی ہے اور ملک میں موجود انکے تمام اثاثوں کو منجمد کر دیا گیا ہے ۔ازابیل برطانیہ میں رہائش پذیر ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ یہ تمام الزامات بالکل غلط ہیں اور انگولا کی موجودہ حکومت سیاسی بنیادوں پر انہیں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا رہی ہے ۔