لاہور(حنیف خان)ملک میں پانی کے بحران کے باعث پنجاب نے 21اکتوبر سے 31اکتوبر تک11روز کے لئے نہریں بند کرنے کا فیصلہ کیا،ربیع سیزن میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے اس ضمن میں باقاعدہ احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ارسا ذرائع کے مطابق ملک میں ذخائر نہ ہونے کی وجہ سے رواں سال بھی 10ملین ایکڑ فٹ سے زائدپانی ضائع ہواجو ملکی زراعت کے لئے بڑا دھچکا ہے ۔ ارسا حکام حکومت کو خطوط لکھ چکے ہیں کہ ملک میں پانی کے سنگین بحران سے بچنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پرڈیم بنائے جائیں لیکن سیاسی اختلافات کی وجہ سے حکومتیں آبی ذخائر کی تعمیر کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدام نہیں اٹھاپائیں ۔ پانی ضائع ہونے کے حوالے سے حکومت کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے ۔آبی ذخائر کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبوں کو ربیع سیزن کے لئے پانی کی تقسیم کی گئی ہے جس میں پنجاب کا شارٹ فال 15فیصد ہے ۔محکمہ آبپاشی کے حکام کا کہنا ہے ان دنوں پانی کی ضرورت کم ہوتی ہے جبکہ ربیع سیزن شروع ہونے پر پانی کی طلب بڑھ جاتی ہے ، ربیع سیزن میں مطلوبہ پانی نہ دیا جائے تو موجودہ وقت سے زیادہ نقصانات کا خدشہ ہوتا ہے ،نہروں کی عارضی بندش کے حوالے سے اعلی حکام کو آگاہ کردیا گیا ہے ۔