کراچی(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پانی کا مسئلہ انتہائی سنگین ہے ،ڈیم بننے سے پہلے اس بات کا تجزیہ ہونا چاہیے کہ سسٹم میں پانی موجود ہے بھی یانہیں؟ اگرسسٹم میں پانی موجود ہی نہیں تو ڈیم بنانے کا کیا فائدہ؟ غیرملکی یا تارکین وطن کو پاکستانی شہریت نہیں دینی چاہئیے ،رواں ماہ کے آخر میں سندھ کابینہ میں مزید وزراء شامل کیے جائیں گے ،وفاقی حکومت چیزیں بیچنے کی بجائے اب اصل گورننس کی طرف آجائے ،وفاقی حکومت نے منی بجٹ دے کر ٹیکسس بڑھا دیئے ہیں،قانون نافذ کرنے والے اداروں کی باہمی کاوشوں کی وجہ سے عاشورہ محرم پرامن رہا،پولیس،رینجرز اورانٹیلیجنس ایجنسیوں نے شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے عاشورہ کے ماتمی جلوسوں کے انتظامات کاجائزہ لینے کے لیے 10 محرم الحرام کو سندھ بھرمیں جلوسوں کے روٹس کا دورہ کرنے کے موقع پر میدیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نے سب سے پہلے کراچی کے ماتمی جلوس کا دورہ کیا،مشیر برائے اطلاعات مرتضیٰ وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس ،رینجرزاورانٹیلی جنس اداروں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کی اچھی کو آرڈینیشن نے محرم الحرام کو پُرامن بنایا۔