اسلام آباد (سپیشل رپورٹر،وقائع نگار، 92نیوز رپورٹ،خبر نگار خصوصی)پانی کابحران مزیدسنگین صورتحال اختیارکرگیا اورتربیلا ڈیم میں پانی کاذخیرہ ختم ہوگیاجبکہ صوبہ سندھ اور پنجاب کے مابین پانی کے معاملے پر حالیہ کشیدگی کے مد نظر وزیراعظم عمران خان نے دونوں صوبوں کے مابین تنازع حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ ارسا حکام گدو اور دیگر بیراجوں پر فوری طور پر غیر جانبدار انسپکٹرز کی تعیناتی یقینی بنائیں۔ وزیراعظم نے پانی کے معاملے پر آج پھر اجلاس طلب کرلیاجس میں ارساحکام شریک ہونگے ۔ ذرائع کے مطابق پانی کی تقسیم کے معاملے پر تحفظات ختم نہ ہوئے ،سندھ حکومت نے ایک بار پھر شکوے شکایات کے انبار لگا دئیے ۔وزیر آبپاشی سندھ سہیل انور سیال نے سندھ حکومت کے خدشات وزیراعظم کے سامنے رکھے ۔ اجلاس میں ٹی پی لنک کینال پر سندھ حکومت کے تحفظات بھی زیر غور لائے گئے ۔ سندھ کے صوبائی وزیر آبپاشی سہیل انور سیال نے کہا کہ پنجاب ہمارا پانی استعمال کر رہا ، ٹی پی لنک فوری بند کی جائے کیونکہ ٹی پی لنک کینال سے ملتان اور مظفر گڑھ کے علاقوں کو سندھ کے حصے کا پانی مل رہا ہے ۔ بریفننگ میں وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ٹی پی لنک اور سی جی لنک کینال پر سندھ اور پنجاب کی لڑائی آج کی نہیں ۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پانی تقسیم کا معاملہ قانونی نہیں سیاسی ہے ،جمعہ تک پانی کے مسئلے کے حل کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔ اجلاس میں پنجاب آبپاشی کے وزیر محسن لغاری اور سندھ کے وزیر سہیل انور سیال بھی اپنا اپنا موقف بیان کرتے رہے ۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل انور سیال ایک بار پھر شکوے شکایتیں کرتے نظر آئے جبکہ وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے پریس کانفرنس کرکے ارسا پر الزامات کی بوچھاڑ کردی ۔آج کے اجلاس میں سندھ حکومت کے تحفظات کا جائزہ لیاجائیگا۔ وزیراعظم حکومت سندھ کے مطالبے پر کوئی فیصلہ کرینگے ۔ارساکے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈلیول پرپہنچ گئی۔تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1400فٹ ہے ۔ارساذرائع کے مطابق 1400فٹ سے نیچے تربیلاکاپانی ناقابل استعمال ہے ۔ڈیڈلیول کے نیچے ڈیم میں ریت،بجری اورکیچڑہے ۔ارساکے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد50ہزار کیوسک اوراخراج60ہزارکیوسک ہے ۔سکردواورشمالی علاقوں میں درجہ حرارت کم،برف پگھلنے کاعمل سست ہے ،صوبے پانی کے استعمال میں احتیاط کریں۔ اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے چیف میڈیا کوآرڈینیٹر نذیر ڈھوکی کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ کے وزیر آبپاشی سہیل انور سیال نے کہا کہ سندھ سے مسلسل زیادتی ہو رہی ،ہمیں کسی کے حصے کا پانی نہیں چاہئے ، ارسا پنجاب کو سپورٹ کر رہی اور پی ٹی آئی کی حکومت ارسا کے ساتھ ملکر سندھ سے زیادتی کر رہی ، جب پانی کا ایشو اٹھا رہا ہوں تو نیب نوٹس بھیج دیا گیا ۔ آج وزیراعلیٰ سندھ کو میٹنگ کی رپورٹ دونگا اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو آگاہ کرونگا۔