ورجینیا(نیٹ نیوز،این این آئی) امریکہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹراسد مجید خان نے کہاہے پاک امریکہ تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں، امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ امریکہ میں مقیم پاکستانی کشمیر سے متعلق لوگوں کا آگاہ کریں۔امریکی ریاست ورجینیا میں پاکستان ڈے میلے کا انعقاد ہوا جس میں ریاست بھر سے امریکی نژاد پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب اور ٹویٹ میں ڈاکٹراسد مجید خان نے کہابل رن پارک میں یوم آزادی پاکستانیوں اور امریکیوں کے ساتھ منایا،یہاں لوگوں کی بڑی تعداد اور میلے کا ماحول دیکھ کر خوشی ہوئی،ہم نے تقریب میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔پاک پیک کے بورڈ ممبر اسفند یار چوہدری نے کہا پاکستانی کمیونٹی امریکہ میں سیاسی میدان میں متحرک ہواور پاکستانی نوجوان امریکی سیاسی میدان میں قدم رکھیں،کشمیریوں کو حق ارادیت دلانے کے لیے امریکہ میں آگاہی پیدا کرنا ہوگی، متعلقہ ارکان کانگریس کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کریں۔