واشنگٹن(آئی این پی) امریکی بجٹ تجاویز برائے سال 2019 اور چین کے حوالے سے کانگریس میں جمع کرائی گئی پینٹاگون کی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان بڑھتی تلخی کی وجہ افغانستان نہیں ،سی پیک پر بیجنگ اور واشنگٹن مفادات کا باہم ٹکرائو ہے ،امریکہ کو یہ خوف لاحق ہے پاکستان اسکی گرفت سے بتدریج آزاد ہو رہا ہے ،جنوبی ایشیا پر چینی گرفت کی کمزوری کے لئے امریکہ بھارت گٹھ جوڑ نا گزیر ہے ۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق رپورٹ میں چین اور روس کو امریکہ کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے مرکزی خطرہ قرار دیا گیا اور اس سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی پر روشنی ڈالی گئی ہے ۔دوسری جانب پینٹاگون سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا کہ چین اپنے دیرینہ دوست ممالک میں اضافی فوجی اڈے قائم کرنے کی کوشش کرے گا ۔امریکی جریدے وال سٹریٹ جنرل میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بھی اس امریکی خدشے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا گیا کہ پاکستان میں بننے والے چینی منصوبے ون بیلٹ، ون روڈ پر چین اور امریکہ کے مفادات کا ٹکرا ہے ۔امریکہ کو اس بات پر تشویش ہے کہ چین عالمی اثر و رسوخ حاصل کرنے کے لیے قرضوں کے جال میں پھانسنے والی پالیسی پر عمل کر رہا ہے ، جس میں وہ دیگر ممالک کو ایسے منصوبوں کے لیے قرض فراہم کرتا ہے جس کے اخراجات وہ خود نہیں اٹھاسکتے جبکہ چین نے اسے محض مغربی پروپیگنڈا قرار دیا۔دستاویز میں یہ بات بھی واضح کی گئی ہے کہ امریکا نے خطے میں بڑھتے ہوئے چینی اثر و رسوخ کو کم کرنے کے لیے بھارت کے ساتھ اتحاد بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔