پشاور(92نیوز) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے مسئلہ کشمیر کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان جوہری ہتھیاروں سے لیس ہیں،عالمی برادر ی کرداراداکرے ،ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاور میں کیو ڈبلیو پی ضلع لوئر دیر کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آفتاب شیرپائو نے مسئلہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ہندوستان اور پاکستان کے مابین جنوبی ایشیا میں ایک نیو کلیئر فلیش پوائنٹ بن گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں بھی اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ پاکستان اور ہندوستان جوہری ہتھیاروں کے حامل ممالک ہیں لہٰذا انہیں اس دیرینہ مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔افغانستان میں قیام امن کیلئے امریکہ اور طالبان کے درمیان قطر میں ہونے والی گفت و شنید کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات ہی بد امنی کے خاتمے کا واحد راستہ ہے ۔انہوں نے وضاحت کی کہ مسئلہ کشمیر اور افغان امن مذاکرات دو علیحدہ چیزیں ہیں جن کو آپس میں جوڑنا مناسب نہیں۔