اسلام آباد، تھرپارکر (سپیشل رپورٹر،نمائندہ 92نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ بروقت اوردرست فیصلوں سے جنگ کاخطرہ ٹل گیا ، کالعدم تنظیموں پر پابندی ملک کا اندرونی معاملہ ہے ، کوئی بھی فیصلہ عالمی دباؤ کے پیش نظر نہیں کیا جارہا، دنیا کو واضح کرچکے کہ ہم وہ فیصلہ کریں گے جو ملکی مفاد میں ہو گا،وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی پر پارٹی ارکان کواعتمادمیں لیا،اس موقع پر پارلیمانی پارٹی نے اقتصادی اصلاحات بل2018۔19کی منظوری دے دی،ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی اجلاس میں اپوزیشن کے احتجاج کاجائزہ لیاگیا اور قومی اسمبلی کاایوان منظم اندازمیں چلانے پرحکمت عملی بھی طے کی گئی،اجلاس میں وفاقی وزیرفیصل واوڈا کے حالیہ بیانات پرتبادلہ خیال کیا گیا اور وزیراعظم عمران خان نے فیصل واوڈا کی معافی کومثبت اقدام قراردیا جس کے بعدپارلیمانی پارٹی کے اراکین بھی فیصل واوڈاکے ساتھ کھڑے ہوگئے ،ذرائع نے بتایا کہ پارٹی اراکین نے وزیراعظم کے امن اقدامات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا،پارلیمانی پارٹی نے شاہ محمودقریشی کو بھی شاندار سفارتکاری پر شاباش دی، قبل ازیں وزیر اعظم گورنر سندھ نے ملاقات کی جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال اور کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی گئی، اس موقع پر عمران خان کے دورہ تھرپارکر اور اس دورے میں علاقے کی عوام کے لیے پیکیج پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔علاوہ ازیں عمران خان سے چیئرمین ایچ ایس ایس گروپ سید سمن ہاشمی اورایکس سی ایم جی گروپ آف چائنا کے صدروجنرل منیجر ڈاکٹر حن سن لیونے ملاقات کی،ملاقات میں ایچ ایس ایس اور ایکس سی ایم جی گروپ کے حکام نے عمران خان کو بتایا کہ ان کا گروپ پاکستان میں ہاؤسنگ اور مینو فیکچرنگ کے شعبہ میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے ،انہوں نے مزید کہاکہ وہ پچاس لاکھ گھروں کے منصوبہ کے سلسلے میں بلندوبالا اپارٹمنٹس اور گھروں کے منصوبہ میں حصہ دار بننے کا خواہاں ہے ،وزیر اعظم نے سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ حکومت تمام غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔ادھراعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے پہلی قومی ٹیرف پالیسی کی اصولی منظوری دیدی جس کا مقصد ٹیرف نظام کے پورے ڈھانچے میں شفافیت، پیشگوئی کویقینی بنانا اور اسے ادارہ جاتی شکل دینا ہے ، وزیراعظم کا منظور کردہ مسودہ پالیسی غور کیلئے وفاقی کابینہ کے روبرو پیش کیا جائے گا۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان اوروزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کل تھرپارکرکے تعلقہ چھاچھرو میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔