وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور سری لنکا کے وزیر خارجہ دانش گوناوردھنا کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تجارت اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے‘ اس میں شبہ نہیں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تعلقات مثالی ہیں تاہم انہیں مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔ سری لنکا سارک ممالک کا اہم ملک ہے اور اسے اپنے ہمسایہ ممالک میں بھی نمایاں مقام کا حامل ہے خصوصاً خواندگی کے حوالے سے اس کا تناسب علاقے کے تمام ملکوں میں سب سے زیادہ ہے۔ سری لنکا اور پاکستان کا اہم علاقائی اور عالمی امور پرمؤقف یکساں ہے۔دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیمیں ناگزیر حالات میں بھی پاکستان کا دورہ کرتی رہی ہیں۔ اگرچہ دفاع‘ ثقافت اور کھیلوں کے شعبوں میں پاکستان کے سری لنکا سے دیرینہ تعلقات ہیں تاہم تجارتی میدان اب بھی کھلا پڑا ہے جس میں تعاون بڑھانے کے بہت امکانات ہیں چونکہ اب چین کے بھی سری لنکا کے ساتھ تعلقات مضبوط ہو چکے ہیں لہٰذا تینوں ملک مختلف شعبوں خصوصاً تجارت میں مضبوط اتحادی کے طور پر ابھر سکتے ہیں۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ دوطرفہ تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لئے روابط کو وسعت دی جائے اور تجارت کے حجم کو موجودہ حجم سے کم از کم دوگنا کیا جائے تاکہ علاقے کے ملکوں میں پاکستانی برآمدات کو فروغ دیا جا سکے۔