کراچی(سپورٹس ڈیسک) پاکستان میں10سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہورہی ہے اور توقع ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور صدر عارف علوی سری لنکا کے خلاف پنڈی ٹیسٹ میچ دیکھیں گے ۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ دس سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ واپس آرہی ہے اس تاریخی موقع پر ملک کی دونوں اہم شخصیات کو میچ دیکھنے کے لئے دعوت نامے بھیجے گئے ہیں لیکن سکیورٹی وجوہات کی بناء پرملک کی دونوں اعلی شخصیات آخری لمحات پر اس بارے میں تصدیق کریں گی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے جنرل منیجر کرکٹ جیف ایلاڈائز پی سی بی کے مہمان کی حیثیت سے دو دن پنڈی ٹیسٹ دیکھیں گے ۔ کرکٹ سری لنکا کے صدر، سیکریٹری ،سی ای او اور وزیر کھیل کو بھی مدعو کیا گیا ہے ۔پاکستان مارچ2009 ء کے بعد کسی ٹیسٹ میچ کی میزبانی کررہا ہے ۔ ملک کی کئی اور اہم شخصیات کومیچ دیکھنے کی دعوت دی گئی ہے ۔ سکیورٹی وجوہ کی بناء پر کئی شخصیات کے نام صیغہ راز میں رکھے گئے ہیں۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی ملکوں کے سفیروں کو بھی مدعو کیا گیا ہے ۔