سکھر،باجوڑ،شورکوٹ چھاؤنی،اوتھل، سرگودھا ،ملتان (این این آئی،نامہ نگاران،سٹاف رپورٹر،سپیشل رپورٹر) ملک کے مختلف شہروں میں سابق جنرل پرویز مشرف کی حمایت میں ریلیاں نکالی گئیں ۔ سکھر میں بھی سابق جنرل پرویز مشرف کی حمایت اور پاک افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے اور ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔پیر کو مسلم لیگ ف سکھر اور حر جماعت اور اسکی ذیلی تنظیموں کے زیر اہتمام کارکنان اور حرمجاہد کی بڑی تعداد نے زیر قیادت صوبائی رہنما سید شفقت علی شاہ کی قیادت میں سکھر بیراج سے ’’ پاک فوج زندہ باد پاکستان زندہ باد‘‘ ریلی نکالی گئی ،شرکا ریلی نے سابق جنرل پرویز مشرف کی حمایت اور پاک افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے پلے کارڈ ،بینرز سمیت پاکستانی پرچم اور پارٹی جھنڈے اٹھا رکھے تھے ۔ رہنماؤں کی جانب سے ہاتھوں کی زنجیر بنا کر پاکستان کیلئے اپنی والہانہ محبت اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیا گیا ۔پاکستان مسلم لیگ ف کے صوبائی رہنما سید شفقت علی شاہ ، فقیر عنایت اﷲ برڑو ، میراعجاز علی تالپورو دیگر کا کہنا تھا کہ لیگی کارکنان حروں نے پاک افواج سے اظہار یکجہتی اورسابق جنرل پرویز مشرف سے جس انداز میں اظہار کیا، اسکی مثال تاریخ میں لکھی جائیگی۔ دریں اثنا باجوڑ کے عنایت کلے بازار میں مشرف سزا کیخلاف سول سوسائٹی نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرے کی قیادت چیف آف عنایت کلے ہمایوں خان نے کی ۔مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اُٹھارکھے تھے جس پر مشرف کو سزا دینے کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ہمایوں خان اور دیگر مقررین نے کہا کہ چالیس سال تک ملک وقوم کی خدمت کرنیوالا کسی صورت بھی غدار نہیں ہوسکتا۔ مظاہرین نے سابق صدر و آرمی چیف پرویز مشر ف کے خلاف خصوصی عدالت کے فیصلے پر غم وغصے کااظہار کیا اور کہا کہ جنرل (ر) مشرف کیخلاف عدالتی فیصلہ غیر منصفانہ ہے ۔جب تک مشرف کو انصاف نہیں ملتا ،ہم احتجاج کرتے رہینگے ۔اسی طرح شورکوٹ چھاؤنی میں بھی پرویز مشرف کے حق میں شہریوں نے رفیقی چوک میں ریلی نکالی ۔شرکانے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر سابق جنرل پرویز مشرف کے حق میں نعرے درج تھے ۔ پرویز مشرف کی سزا کا فیصلہ واپس لینے کا مطا لبہ کیا گیا ۔ اوتھل میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما چیف ٹرائبل سردار غلام فاروق شیخ کی قیادت میں پرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماوں چیف ٹرائبل سردار غلام فاروق شیخ،غلام محمد عرف گلو جاموٹ،محمد انور رونجھو،امام بخش دودا،کامریڈ ولی محمد جاموٹ نے کہا کہ پرویز مشرف کی خدمت کو کوئی بھی فراموش نہیں کرسکتا اور ہم عدلیہ سے اپیل کرتے ہیں فیصلے پر نظرسانی کی جائے ۔ سرگودھامیں الرحمن ٹریڈز سنٹراور این جی اوز کی جانب سے سابق صدر جنرل پرویز مشرف کو ملنے والی سزائکیخلاف احتجاجی ریلی الرحمن پلازہ سے خیام چوک تک نکالی گئی ریلی میں شریک افراد جن میں خواتین بھی شامل تھیں ۔ ملتان میں سرائیکستان نوجوان تحریک کے زیر اہتمام پرویز مشرف کی سزا کے خلاف رانواں بائی پاس لاہور روڑ پر بھر پور احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرے کی قیادت چیئرمین سرائیکستان نوجوان تحریک مہر مظہر عباس کات،ملک فلک شیر راں ،ملک معراج خالد راں،ضلعی صدر ملک عرفان بھٹی نے کی ۔اس موقع پر مہر مظہر عباس کات اور ملک فلک شیر راں نے کہا کہ ہم پرویز مشرف کے خلاف سزائے موت کے عدالتی فیصلے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں ۔