کراچی (سٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہاہے کہ ہماری مسلح افواج اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کی شب وروزمحنت کے نتیجے میں خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک میں امن وامان قائم ہوا ہے ،جس کی وجہ سے شمالی علاقہ جات اور دیگرسیاحتی مقامات پرسیاح بلاخوف وخطرآرہے ہیں، روراں برس بیس لاکھ سے زائد مقامی و بین الاقوامی سیاحوں نے شمالی علاقہ جات کا دورہ کیا ، دنیابھرکے سیاح پاکستان کی جانب دیکھ رہے ہیں،پاکستان کے سیاحتی مقامات کی جانب بیرونی سرمایہ کاروں کارجحان بڑھ رہا ہے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے کالج آف ٹورازم اینڈ منیجمنٹ (کوتھم) کے پانچویں کانووکیشن کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں ملائیشیائکے قونصل جنرل نصرعبدالرحمٰن،چیف ایگزیکٹو آفیسرکوتھم احمد شفیق،جنرل منیجرآواری ٹاورزاولیو فرانس،طلباوطالبات اوران کے والدین کے علاوہ ہوٹل اورریسٹورنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔گورنرسندھ نے کہاکہ موجودہ حکومت اس شعبے کو مزید فروغ دینے کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے ۔بعدازاں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ بھارت اس وقت کشمیریوں پرصدی کا بدترین ظلم وستم ڈھارہاہے ،جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ،دنیا کواس ضمن میں اپنا کردارادا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان ہرفورمزپرکشمیریوں کامقدمہ لڑرہے ہیں،انشااللہ جلد کشمیربنے گاپاکستان۔عمران اسماعیل نے کہاکہ پورے عالم اسلام کو کشمیریوں پرہونے والے ظلم کو بند کرانے میں اپناکردارادا کرناچاہئے ۔انہوں نے کہاکہ ہم امن پسند ہیں تاہم اگرہم پرجنگ مسلط کی گئی توپوری قوم اس کاجواب دینے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے ۔کانووکیشن میں 150 طلبہ وطالبات کو ٹریول ٹورازم ہوٹل منیجمنٹ اورشیف پروگرامزمیں ڈپلومہ اورسرٹیفکیٹ دیئے گئے ۔