ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ افواج پاکستان اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں۔ آرمی چیف نے کرونا کی وبا سے نمٹنے کیلئے ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ افواج پاکستان ہر کٹھن مرحلہ پر ہمیشہ عوام کی امنگوں پر پورا اتری ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہو یا زلزلہ کی تباہ کاریاں، ہر مشکل گھڑی میں فوج نے عوام کی پکار پر لبیک کہا ہے۔ یہاں تک کہ آبی بحران کے حل کیلئے جب وزیراعظم اور سابق چیف جسٹس نے بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے قومی فنڈ قائم کیا تو اس وقت بھی باوجود اس کے کہ فوج دہشت گردوںکے خلاف برسر پیکار تھی آرمی چیف نے فوج کے افسران اور جوانوں کی طرف سے ڈیم فنڈ میں ایک ارب 59 لاکھ کا چیک چیف جسٹس کے سپرد کیا تھا۔ اب ایک بار پھر جب دنیا سمیت پاکستان کو کرونا کے عفریت کا سامنا ہے، پاک فوج سول انتظامیہ کے ساتھ نہ صرف ملک بھر میں عوام کی مدد کیلئے ہراول دستہ کے طور پر شریک ہو چکی ہے بلکہ آرمی چیف نے اپنی ایک ماہ اور افسران کی دودن اور جوانوں کی ایک دن کی تنخواہ کرونا کے ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے جودیگر قومی اداروں کے لئے شاندار قابل تقلید مثال ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نہ صرف باقی ادارے اور مخیر حضرات اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں بلکہ حکومت اس فنڈ میں جمع ہونیوالے فنڈز کو حقداروں تک پہنچانے کیلئے بھی شفاف طریقہ کار اپنائے تاکہ پاک فوج اور عوام کے عطیات حقداروں تک پہنچائے جا سکیں۔