لاہور( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے سابق کپتان بندولا ورنا پورا اور قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد کو بطور مہمان خصوصی روالپنڈی ٹیسٹ میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ فیصلہ دونوں سابق کپتانوں کی کرکٹ کے لیے خدمات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا ہے ۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 11 سے 15 دسمبر تک پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا میچ مارچ 1982 میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا۔ میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت جاوید میانداد اور سری لنکا کرکٹ ٹیم کی قیادت بندولا ورناپورا نے کی تھی۔ میچ کے پہلے روز کھانے کے وقفے کے دوران دونوں سابق کرکٹرزکی خدمات کے اعتراف میں خصوصی تقریب کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔