کراچی(کامرس رپورٹر) کورنگی ایسویسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر شیخ عمر ریحان، سینئر نائب صدر محمد اکرام راجپوت اور نائب صدر سید واجد حسین نے کہا ہے کہ امید ہے پاکستان اور چین کے مابین آزاد تجارتی معاہدے کا نفاذ ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ صدر کاٹی شیخ عمر ریحان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اوران کی معاشی ٹیم نے چین پاکستان ایف ٹی اے ٹو کو یکم دسمبر 2019سے نافذ العمل کرنے کے لیے قابل تحسین کوششیں کیں، اکتوبر میں اپنے دورۂ چین میں بھی وزیر اعظم نے اس معاہدے سے متعلق امور میں ذاتی دلچسپی لی جو ملکی معیشت میں بہتری کے لیے ان کی ترجیحات کا واضح ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے چین پاکستان آزاد تجارتی معاہدے پر عمل درآمد کے نتیجے میں پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔