لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور نیوزلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ آج سے شروع ہوگا۔ پاکستانی وقت کے مطابق میچ رات 3 بجے شروع ہوگا۔دوسرا ٹیسٹ میچ ہیگلے اوول میں کھیلا جائے گا۔ دو میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے ۔ پہلے ٹیسٹ کی طرح بابر اعظم کی جگہ محمد رضوان پھر قومی ٹیم کی کپتانی کریں گے بابراعظم اپنے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہونے کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز اور پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکے تھے ۔ڈاکٹر قومی کرکٹ ٹیم ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی انجری میں بہتری واضح ہے ، انہوں نے گزشتہ روز باقاعدہ نیٹ سیشن میں حصہ لیا ہے ۔ ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا کہ بابر اعظم قومی ٹیم کے کپتان اور اہم ترین بیٹسمین ہیں، لہٰذا ہم کوئی جلد بازی نہیں کریں گے ۔ ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا کہ میڈیکل ٹیم بابر اعظم کی انجری کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور ہم پر امید ہیں کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے ہمیں مکمل طور پر دستیاب ہوں گے ۔ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے اعلان کردہ قومی سکواڈمیں محمد رضوان (کپتان، وکٹ کیپر)، سرفراز احمد، عابد علی، اظہرعلی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، حارث سہیل، ظفر گوہر، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں جبکہ بابر اعظم اور شاداب انجری کا شکار ہیں۔