اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پاک چین اآزاد تجارتی معاہدہ ٹو کا اطلاق اگلے ماہ یکم جنوری 2020 سے شروع ہوگا،چینی منڈیوں میں پاکستان کی مصنوعات کو آسیان کے برابر مراعات حاصل ہوں گی،وزارت تجارت کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان کی 313 اشیا کو چینی منڈیوں تک ڈیوٹی فری رسائی حاصل ہوگی،وزارت تجارت کے مطابق چین پاکستان آزاد تجارتی معاہدے (سی پی ایف ٹی اے )کے دوسرے مرحلے سے پاکستانی تاجروں کو چین کی منڈیوں میں زیرو ڈیوٹی شرح سے مصنوعات برآمد کرنے کی سہولت بھی ملے گی۔۔آزاد تجارتی معاہدہ نہ صرف دونوں ممالک کے مابین درینہ دوستی اور لازوال رشتے کا مظہر ہے بلکہ اس سے پاکستانی تاجروں کو چین کی منڈیوں میں زیرو ڈیوٹی شرح سے مصنوعات برآمد کرنے کی سہولت بھی ملے گی۔ پاکستان کا ٹیکسٹائل کا شعبہ اس سے سب سے زیادہ مستفید ہوگا، علاوہ ازیں زراعت، چمڑے کی مصنوعات، کنفکشنری اور بسکٹ تیار کرنے والے شعبے بھی بھرپور فائدہ اٹھائیں گے اور پاکستانی مصنوعات چین برآمد کر سکیں گے ۔ اس معاہدے کی رو سے پاکستانی تاجروں کو چین کی منڈیوں میں 313 نئی مصنوعات کی برآمدات کا موقع ملے گا۔ پاکستان پہلے آزاد تجارت معاہدے کے تحت742 مصنوعات کی برآمد پر صفر ڈیوٹی کی رعایت سے مستفید ہورہا ہے ۔ دوسرے مرحلے پر عملدرآمد کے بعد پاکستان کو 1047 مصنوعات کی برآمد کی اجازت مل جائے گی۔