اسلام آباد،بیجنگ (سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) پاک چین لازوال دوستی کے 70 سالہ جشن کی افتتاحی تقریب گزشتہ روز بیک وقت وزارت خارجہ پاکستان اور وزارتِ خارجہ چین میں ہوئی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے (بذریعہ ویڈیو لنک) تقریب میں شرکت کی۔21 مئی 1951 کو شروع ہونیوالے دو طرفہ پاک چین دو طرفہ مثالی تعلقات کو 2021 میں70 سال مکمل ہونے کو ہیں۔دونوں ممالک اس لازوال دوستی کے جشن کے حوالے سے مختلف تقاریب کا انعقاد کرتے رہیں گے ۔دونوں وزرائے خارجہ نے ستر سالہ جشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میرے لیے انتہائی مسرت کی بات ہے کہ میں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے ہمراہ پاک چین لازوال دوستی کے 70 سالہ جشن کا افتتاح کر رہا ہوں۔پچھلے 70 سالوں میں پاک چین تعلقات، وسیع البنیاد طویل المدتی، سدا بہار سٹریٹیجک شراکت داری میں تبدیل ہوئے ۔ پاک چین تعلقات خطے میں امن و استحکام کے ضامن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی قیادت نے اس تاریخی مرحلے پر چینی قوم کی قومی خواہشات کی تکمیل میں بے پناہ مدد کی ہے ۔ پاکستان ’ون چائنا پالیسی‘ کی مکمل تائید وحمایت کرتا ہے ۔ ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان صدر شی جن پنگ کے ’بیلٹ اینڈ روڈ اقدام‘ کی حمایت کرتا ہے ۔یہ منصوبہ رابطے بنانے اور عالمی معاشی نشوونما میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے ۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ گزشتہ 70 برسوں میں چین اور پاکستان نے مل کر تمام تر مشکلات پر قابو پاتے ہوئے منفرد ’’آہنی دوستی‘‘ تشکیل دی ہے ۔ پاک چین دوستی دونوں ممالک کا سب سے قیمتی سٹریٹجک اثاثہ بن چکی ہے ۔ پاک چین دوستی کی تاریخ بہت طویل ہے ۔ پاکستان میں تعینات چین کے سفیر نونگ رونگ نے شاہ محمود قریشی سے 70 سالہ جشن کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں کثیر الجہتی دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چینی سفیر نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی بر وقت تکمیل میں بھرپور تعاون جاری رکھیں گے ۔ دوستی کے 70 سالہ جشن کے موقع پر شاہ محمود قریشی نے خصوصی ڈاکومنٹری ویڈیو بھی جاری کی۔