لاہور(گوہر علی) پنجاب میں ایک دن میں تین لاکھ57ہزار درخت لگاکر ریکارڈقائم کیا جائے گا،حکومتی مشینری اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے متحرک ہوگئی ہے ۔شجر کاری کی اس مہم کو ضلع کی سطح پر پلان کیا گیا ہے ،پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنر ز، کمشنرز اور اعلیٰ افسر اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے لائحہ عمل مرتب کرنے میں مصروف ہیں۔ محکمہ موسمیاتی تبدیلی کی سفارشات کے مطابق مہم شروع کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ جنگلات پنجاب نے ایک دن میں تین لاکھ57ہزار درخت لگانے کی منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے ، 23فروری کو پلانٹ فار پاکستان ڈے کے موقع پر ہر ڈویژن میں 2ہزار جبکہ ہر ضلع میں ۱یک ہزار درخت لگائے جائیں گے ۔ محکمہ جنگلات کی ہر نرسری پر ایک ہزار پودے دستیاب ہوں گے ،پنجاب کے نو ڈویژن میں ہر ڈویژن پر دو ہزار پودے دستیاب ہوں گے جبکہ 36اضلاع میں سے ایک ضلع پر ایک ہزار پودے فراہم کئے جائیں گے ۔محکمہ جنگلات کی نرسریاں دو لاکھ 44 ہزار پودے فراہم کریں گی،محکمہ جنگلات کے ڈویژن آفس29ہزار پودے فراہم کریں گے ۔ذرائع کے مطابق اسی دن وزیراعظم عمران خان بھی پنجاب میں جنگلات لگانے کی اس مہم میں شریک ہوں گے ، جہاں ہزاروں درخت نصب کئے جائیں گے ، بہار میں پنجاب میں ریکارڈ شجر کاری کرکے یہاں نئے جنگل آباد کرنے کا لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے ۔