لاہور؍ اسلام آباد؍ نیویارک(رپورٹنگ ٹیم؍ نیوز ایجنسیاں)کورونا سے مزید 36 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 1123 ، مریضوں کی تعداد 53601 ہوگئی۔اب تک پنجاب میں 18730، سندھ میں 21645، خیبر پختونخوا میں 7685، بلوچستان میں 3306 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے ۔16653 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔گوجرانوالہ ڈویژن میں24 گھنٹوں کے دوران 3افراد ہلاک اور مجموعی طور پر 143افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔ڈائریکٹر لائیو سٹاک گوجرانوالہ آفس کا سینئر کلرک محمد اکرم بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہے ۔سول ہسپتال گوجرانوالہ میں شعبہ میڈیسن کے 4 ڈاکٹر بھی کورونا کا شکار ہو گئے ۔سپیشل برانچ سٹی ڈسکہ سے تعلق رکھنے والا 45سالہ محمد معراج بھی وائرس سے متاثر ہوکر چل بسا۔سمبڑیال میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد سمیت 13 افراد کورونا سے متاثر ہوگئے ۔قصور میں مقامی صحافی عارف علی کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔نشتر ہسپتال ملتان کے مزید 7 ڈاکٹر کورونا میں مبتلا ہوگئے جبکہ ایک ڈاکٹر کی پرائیویٹ لیب سے رپورٹ مثبت، نشتر ہسپتال سے منفی آئی ہے ، ڈاکٹر کی حالت تشویشناک ہے ۔ملتان پولیس کے 4 اہلکاروں نے وائرس کی شکست دیدی۔مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر نے کہا ہے کہ عید پر ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہوا تو کیسز کی تعداد بڑھے گی، صورتحال بگڑی تو لاک ڈاؤن سخت کرنا پڑے گا۔ادھر دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد 54لاکھ کے قریب پہنچ گئی جبکہ اموات 3 لاکھ 43 ہزار ہوگئی ہے ۔ برازیل میں ایک روز میں ایک ہزار کے قریب اموات ہوئیں۔میکسیکو میں 475 افراد چل بسے ۔ روس میں مریضوں کی تعداد امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر آگئی۔افغانستان میں مریضوں کی تعداد 10 ہزار تک پہنچ گئی۔چین میں گزشتہ روز کورونا کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔جنوبی سوڈان میں کابینہ کے 10 ارکان کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہو گئی۔سعودی عرب میں 5 روزہ مکمل کرفیو کا آغاز ہوگیا، لوگ گھر میں بغیر خطبے کے نماز عید ادا کرینگے ۔برطانیہ نے 8جون سے بیرون ممالک سے لندن آنے والوں کو 14 روز کے لئے قرنطینہ میں رکھنے کا اعلان کر دیا، خلاف ورزی کی صورت میں ایک ہزار پائونڈ جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔بلغاریہ نے لاک ڈاؤن میں نرمی کرنا شروع کر دی۔ ڈنمارک میں میوزیمز، آرٹ گیلیریز، چڑیا گھروں، سنیماؤں اور تھیٹروں کو اپنے دروازے کھولنے کی اجازت دے دی گئی۔