اسلام آباد(آن لائن ) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان افرادی قوت کی بھرتی اور ہنر کی تصدیق کے معاہدے طے پا گئے ہیں ۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب نے باہمی تعاون کے دو معاہدوں پر دستخط کردئیے ہیں ۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمودنے سعودی عرب میں دونوں معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق معاہدوں کی بدولت پاکستان سے مختلف شعبوں میں افرادی قوت کی برآمد میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہاکہ سعودی عرب میں ملازمت کرنے والے پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ ممکن ہو سکے گا، ترجمان کا کہناہے کہ معاہدے تنازعات کے حل اور کسی بھی خلاف ورزی پر قانونی چارہ جوئی میں مددگار ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ سعودی عرب کو مصدقہ ہنر مند پاکستانی افرادی قوت کی برآمد میں اضافہ ہوگا۔