اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی،92 نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے پاکستان کیلئے بڑی خوشخبری ہے کہ بالآخرہم درست سمت میں چل پڑے ہیں۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا ستمبرمیں 73 ملین ڈالر کے سرپلس کیساتھ کرنٹ اکاؤنٹ پہلی سہ ماہی کیلئے 792 ملین ڈالر سرپلس ہوگیاجسے گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران 1492 ملین ڈالر خسارے کا سامناتھا۔گزشتہ ماہ برآمدات 2فیصد بڑھیں جبکہ ترسیلاتِ زر میں 9فیصداضافہ ہوا۔ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں چھوٹی اوردرمیانی درجے کی صنعتوں کودرپیش مسائل پرتبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعظم نے کہاملکی ترقی صنعتی عمل کے فروغ سے وابستہ ہے ،صنعتی شعبے ،چھوٹی اوردرمیانی صنعت کوبچانے کیلئے اقدامات ضروری ہیں،صنعتی شعبے کودرپیش مسائل کاترجیحی بنیادوں پرحل تلاش کیاجائے ،صنعتی شعبے کوہر حوالے سے سہولت فراہم کی جائیں ،مہنگی بجلی چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے ۔وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کاجائزہ لیاگیا ۔معاون خصوصی ڈاکٹرفیصل سلطان نے صحت کے شعبے میں درپیش مسائل،ترجیحات پربریفنگ دی۔اجلاس میں ہیلتھ انشورنس پروگرام کادائرہ کاربڑھانے پرتبادلہ خیال کیاگیا،انفارمیشن ٹیکنالوجی کوبروئے کارلانے سے متعلق روڈمیپ پیش کیاگیا، سیکنڈری ہیلتھ کیئرہسپتال کی تعمیرسے متعلق پیشرفت پربھی وزیراعظم کوبریفنگ دی گئی،وزیراعظم نے کہاصحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی حکومتی ترجیح ہے ، کوشش ہے قومی ہیلتھ کارڈکادائرہ کاروسیع کیاجائے ، صحت کی سہولتیں بہتربنانے کی کوششوں کومزید تیزکیاجائے ۔وزیر اعظم سے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس میں زیر سماعت مختلف کیسز کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔مختلف عدالتوں اور ٹربیونلز میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے متعلقہ زیر التوا مقدمات کے حل کے حوالے سے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں آئی لینڈ اتھارٹی آرڈیننس سے متعلقہ معاملات بھی زیر غور آئے ۔وزیراعظم نے مقدمات کی موثر پیروی کے حوالے سے اٹارنی جنرل اور انکی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیر اعظم سے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے ملاقات کی اور دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم پر کام کی پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعظم سے چیئرمین وزیراعظم معائنہ کمیشن احمد یار ہراج اور معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر اشرفی نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے جلال آبادمیں بھگدڑکے واقعہ میں جانی نقصان پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہاہے ویزاکے حصول کیلئے بھگدڑکے دوران جانی نقصان پردکھ ہوا، متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابرکاشریک ہوں۔وزیراعظم نے زخمیوں کی جلدصحتیابی کیلئے دعاکی۔پاکستان سٹیزن پورٹل میں عوامی شمولیت 30لاکھ تک پہنچ گئی۔وزیراعظم نے ٹویٹ کی کہ 26لاکھ میں سے 24لاکھ شکایات کونمٹادیاگیا،پاکستان سٹیزن پورٹل نے شہریوں کومکمل بااختیاربنادیاہے ،شہری شکایات کے موثرازالے کیلئے پاکستان سٹیزن پورٹل استعمال کریں۔