اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ پاکستان، سعود ی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے تین اہم بھائی ہیں، وزیراعظم عمران خان کے دورے خطے میں امن و استحکام اور اتحادکیلئے سنگ میل ثابت ہوں گے ،پاکستان، سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے تین اہم بھائی ہیں، پاکستان کے دونوں کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان انہوں نے کہاکہ صدر حسن روحانی کا خطے میں امن کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کا خیرمقدم دونوں برادر ممالک کی قیادت کے ایک دوسرے پر اعتماد اور تعلقات میں قربت کا مظہر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان برادر ممالک کے مابین اخوت و مصالحت کے جذبوں کے فروغ کا خواہاں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ باہمی کشیدگی کی متحمل نہیں ہوسکتی، قیادت کی سطح پر یہ احساس اسلامی دنیا کے لئے نیک فال اور عوامی جذبوں کی عکاسی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔