کوالالمپور(جاوید الرحمن)پاکستان اور ملائیشیا کے یوم آزادی کی مشترکہ تقریب کو کشمیریوں کے نام کردیا گیا۔تقریب کا دن پاکستان اور ملائیشیا کی عظیم دوستی کی اعلی مثال بن گیا۔قومی دن کی تقریب پاک ملائیشیا دوستی زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھی۔تقریب میں تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سمابیا طاہر خاص طور پر شریک ہوئیں۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم سے ہوا۔ نوجوان طلباء نے انتہائی خوبصورت انداز میں ملائیشیا اور پاکستان کے قومی ترانے پیش کیے ۔مہمان خصوصی پاکستانی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ اور تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سمابیا طاہر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مظلوم کشمیریوں پر مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ ماپم ملائیشیا کے چیئرمین محمد اعظمی عبد الحمیداور تحریک انصاف ملائیشیا کے رہنما شاہد ملک و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا مظلوم کشمیریوں کو صرف دعاؤں اور اظہار یکجہتی کی ضرورت نہیں ، جدوجہد آزادی میں عملی طور پر ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا پڑے گا۔ اس موقع پردرندہ صفت بھارتی فوج کی مجرمانہ مظالم کی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔بچوں نے شاندار ٹیبلو زجبکہ پاکستانی فنکاروں نے خوبصورت ملی نغمات پیش کیے ۔نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ نے کہا مسئلہ کشمیر کو ملائیشین سوسائٹی میں بھرپور اندازمیں اجاگر کیا جا رہا ہے ۔ تحریک انصاف ملائیشیا کے مرکزی رہنما ملک تنویر نے کہاکہ کشمیرپربھارت کوقابض نہیں ہونے دیں گے ۔ تقریب میں ڈپٹی ہائی کمشنرعاطف شریف،ہیڈ آف چانسری شہزاد حسین خان، ڈیفنس اتاشی کموڈور ابرار اسحاق ، ویزا کونسلر افضال طاہر،کمیونٹی ویلفیئر اتاشی غلام حیدرکے علاوہ نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے آخر میں معاشرے میں نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے اداروں اور شخصیات کو ایوارڈز سے نوازاگیا۔