اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی کوششیں ناکام ہوئی ہیں، پاک امریکہ تعلقات معیشت، تجارت و دیگر شعبوں پر محیط ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آئے ہیں،وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکہ باہمی تعلقات میں اہم ثابت ہوگا۔ اسلام آباد پالیسی انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسزمیں منعقدہ سیمینار سے خطاب میں وزیرخارجہ نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات ہماری خارجہ پالیسی میں اہمیت رکھتے ہیں، مجموعی طور پر تعاون دونوں ممالک کیلئے اہم اور سود مند رہا۔ پاک امریکہ مثبت دو طرفہ تعاون جنوبی ایشیا کیلئے مفید رہا ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ یورپی یونین نے پاکستان کے ساتھ نیا سٹرٹیجک معاہدہ کیا جس سے واضح ہے پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی کوششیں ناکام ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کو دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ملنے والی کامیابیوں سے دیکھنا چاہیئے ۔ ہماری حکومت آنے کے بعد پاک امریکہ تعلقات میں بہتری آئی، امریکی وزیرخاجہ مائیک پومپیو کے دورے کے بعد تعلقات میں مزید گرمجوشی پیدا ہوئی۔ دونوں ملکوں میں مثبت اور تعمیری بات چیت ضروری ہے ، وزیر اعظم کا دورہ امریکہ باہمی تعلقات میں اہم ثابت ہوگا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت تجارت، سیاحت اور سرمایہ کاری کو فروغ دے رہی ہے ، سرمایہ کاری کرنے والوں کو مراعات دے رہے ہیں، ترجیحات کا از سر نو تعین کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی فنڈنگ کیخلاف اقدامات اٹھائے ہیں، کوشش ہے کہ گرے لسٹ سے باہر نکل جائیں۔دریں اثناایک بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قرض کے بوجھ تلے کوئی قوم خوشحال نہیں ہوسکتی،قرض سے نجات کیلئے ٹیکس دائرہ کار بڑھانا ہوگا، معیشت کو دستاویزی شکل دینا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس ادائیگی کیلئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، ٹیکس ادائیگیوں کیلئے دوسروں کی بھی حوصلہ افزائی کریں، پاکستان خوشحال ہوگا تو ہم خوشحال ہوں گے ۔بعدازاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے امریکہ پاکستان بزنس کونسل کے وفد نے ملاقات کی۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وفد کی قیادت چیئرمین پاک امریکہ بزنس کونسل ڈاکٹر محمود خان نے کی ، وفد میں امریکی کمپنیوں کے دو درجن سے زائد چیف ایگزیکٹوز شامل تھے ۔ دوران ملاقات دو طرفہ تجارت، اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے حوالے سے امور زیر بحث آئے ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، امریکہ کے مابین تعلقات دیرینہ اور کثیرالجہتی ہیں۔ عمران خان صدر ٹرمپ کی دعوت پر دورہ امریکہ پر روانہ ہو رہے ہیں، چاہتے ہیں کہ دورے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اہم امریکی کاروباری شخصیات اور کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے میسر مواقع سے آگاہ کیا جائے ۔